• news

شہری علاقوں میں ڈرون حملے برداشت نہیں کریں گے :فضل الرحمن ‘ سمیع الحق

راولپنڈی (نیوز رپورٹر+ ایجنسیاں) وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی مجلس عاملہ نے باہمی اتفاق رائے سے مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام پر مشتمل سپریم کونسل بنانے کا بھی فیصلہ کیا جو ملک میں مذہبی ہم آہنگی کے فروغ اور ملک میں امن قائم کرنے کے لئے دیگر مکاتب فکر کے ساتھ رابطے کر کے اپنا کردار ادا کر ے گی۔ امیر مجلس تحفظ ختم نبوت مولانا عبدالمجید لدھیانوی اس کونسل کے سربراہ ہونگے اور ملک بھر کی مقتدر مذہبی شخصیات نے حکومت سے سانحہ راولپنڈ ی میں ملوث مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے اور متاثرین سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے کے لئے عملی اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔  اجلاس  کے بعد ان خیالات کا اظہار مولانا عبدالمجید لدھیانوی کی سربراہی میں راولپنڈی میں ہونے والے اجلاس  کے اختتام پر مقررین نے پریس کانفرنس میں کیا۔ اجلاس میں مولانا سمیع الحق، مولانا فضل الرحمن، قاری محمد حنیف جالندھری، متاثرہ ادارہ تعلیم القرآن کے مہتمم مولانا اشرف علی، سمیت دیگر علماء کرام نے شرکت کی۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاق المدارس کے سیکرٹری جنرل قاری حنیف جالندھری نے کہا کہ اجلاس میں حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا گیا کہ واقعہ کے ذ مہ دار حملہ آوروں کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچایا جا ئے۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ جن پولیس افسران کو معطل کیا گیا ان کے خلاف فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں غفلت برتنے پر کارروائی بھی ہونی چاہئے۔ اس موقع پر مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ عالمی قوتیں مسلمانوں کو کمزور کرنے کے لئے ان کے مابین تصادم اور نفرتیں پیدا کرنے کی سازش میں مصروف ہیں، امت مسلمہ اور پاکستانی قوم فرقہ وارانہ جھگڑوں کی متحمل نہیں ہو سکتی۔ راولپنڈی میں د لخراش واقعہ کے بعد شدید رد عمل آ سکتا تھا مگر علماء کرام  اور وفاق المدارس کے تدبر کو سلام پیش کرتا ہوں۔ مولانا سمیع الحق نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت صلیبی دہشت گردی کا سامنا ہے، اس وقت ملک حالت جنگ میں ہے، امریکی ڈرون حملے شہروں تک پہنچ چکے ہیں،  اس کا راستہ نہیں روکا جا رہا ہے۔ فضل الرحمن اور مولانا سمیع الحق نے کہا کہ شہری علاقوں میں ڈرون علاقوں میں ڈرون حملے برداشت نہیں کریں گے، قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہو جائے۔ 

ای پیپر-دی نیشن