• news

بنگلہ دیش : سابق فوجی ڈکٹیٹرحسین محمد ارشاد نے خودکشی کی دھمکی دیدی

ڈھاکہ (اے پی پی) بنگلہ دیش کے سابق فوجی ڈکٹیٹرحسین محمد ارشاد نے خودکشی کرنیکی دھمکی دیدی۔ جمعرات کو گھر میں نظر بند سابق فوجی ڈکٹیٹر نے ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ میرے پاس چار لوڈڈ پستول ہیں، میں نے حکومت کو آگاہ کردیا ہے کہ اگر انہوں نے مجھہ سے دغا بازی کی کوشش کی تو میں خود کو قتل کرلوں گا۔ حسین محمد ارشاد کے اگلے ماہ الیکشن بائیکاٹ کے فیصلے کے بعد سیکورٹی فورسز نے ان کے گھر کا محاصرہ کر لیا ہے۔ سابق فوجی سربراہ نے کہا کہ پیرا ملٹری بٹالین یا پولیس کی جانب سے گولی چلانے سے قبل میں خود اپنی زندگی کا خاتمہ کرلوں گا۔ 83 سالہ حسین ارشاد نے منگل کو اعلان کیا تھا کہ وہ 5 جنوری کو ہونے والے انتخابات میں حصہ نہیں لیں گے۔ بدھ کو سیکورٹی فورسز نے ان کے گھر کا محاصرہ کرلیا تاہم ڈھاکہ کے ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ سیکورٹی فورسز کا عملہ غیر ملکی سفارتخانوں کی حفاظت کیلئے تعینات کر دیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن