جنوبی افریقہ نے بھارت کو 141 رنز سے ہرا کر ون ڈے سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی
جوہانسبرگ (سپورٹس ڈیسک) جنوبی افریقہ نے بھارت کو 141 رنز سے شکست دے کر تین ایک روزہ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی۔ بھارت نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو سود مند ثابت نہ ہو سکا۔ میزبان ٹیم کے اوپنرز نے 152 رنز کی شراکت قائم کی۔ ہاشم آملہ 65 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے کیلس زیادہ دیر تک نہ ٹھہر سکے اور 10 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ کپتان اے بی ڈویلیئرز اور ڈی کاک نے سکور کو 247 رنز تک پہنچا دیا۔ ڈی کاک 135 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ 352 کے مجموعی سکور پر ڈویلیئرز بھی 77 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، ڈومینی نے 29 گیندوں پر 59 رنز بنائے اور ناٹ آئوٹ رہے۔ جنوبی افریقہ نے 4 وکٹوں پر 358 رنز بنائے۔ محمد شامی نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ بھارتی اننگز کا آغاز مایوس کن تھا اور 14 کے مجموعی سکور پر شیکھر دھون 12 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ دوسری وکٹ 60 کے مجموعی سکور پر گری جب ویرات کوہلی 31 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ اس کے بعد بھارتی ٹیم نہ سنبھل سکی اور وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔ یووراج سنگھ صفر، سریش رائنا 14 رنز بنا سکے۔ جدیجہ کو کیلس نے 29 رنز پر بولڈ کر دیا۔ ایشون 19 رنز بنا سکے، بھنشور کمار صفر پر آئوٹ ہوئے، کپتان دھونی 65 رنز بنا کر سٹین کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ محمد شامی کو سٹین نے کیچ اینڈ بولڈ کیا وہ کوئی رنز نہ بنا سکے۔ بھارتی ٹیم 217 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی۔ ڈیل سٹین اورمیکلیرن نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں، کوئنٹن ڈی کاک کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔