پنجاب یونیورسٹی میں پولیس نفری تعینات رہی‘ ایک ملزم جیل بھیج دیا گیا
لاہور(نامہ نگار + اپنے نامہ نگار سے) پنجاب یونیورسٹی میں کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے گزشتہ روز بھی پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی‘ جبکہ ماڈل ٹائون کچہر ی میں جوڈیشل مجسٹریٹ غلام مصطفی چودھری نے پنجاب یونیورسٹی ہنگامہ آرائی سمیت دیگر سنگین دفعات کے تحت درج کئے جانے والے مقدمہ میں ملوث ملزم عبدالکبیرکو14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا ہے۔ فاضل عدالت میں گزشتہ روز تھانہ مسلم ٹائون پولیس کی جانب سے مذکورہ ملزم کو عدالت میں پیش کیا گیا‘ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی‘ فاضل جج نے نا منظور کرتے ہوئے ملزم کو جیل بھجوا دیا۔علاوہ ازیں پنجاب یونیورسٹی میں ہنگامہ آرائی، فائر نگ اوراساتذہ کو حبس بے جا میں رکھنے میں ملوث13طلباء (ملزمان) کے وکیل نے کیس کو سیشن عدالت میں منتقل کرنے کی درخواست دائر کردی۔ درخواست گزار ایڈووکیٹ پیر زادہ نے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ مقامی مجسٹریٹ پر اس کیس کے حوالے سے دبائو ہے لہٰذا اسے سیشن عدالت میں منتقل کیا جائے۔ درخواست کی سماعت آج ہو گی۔ علاوہ ازیں 21 طالب علموں کے فوری طور پر یونیورسٹی میںداخلے پر پابندی لگا دی گئی ہے جس پرکسی بھی ممکنہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے ڈیوٹی پر 4 ایس ایچ اوز 2 ڈی ایس پیز پولیس کی بھاری جمعیت کے ہمراہ ڈیوٹی پر مامور رہے۔