3 خودکشیاں: قصور میں رشتہ سے انکار پر نوجوان نے زہر کھا کر زندگی ختم کر لی
قصور + فیصل آباد + سمندری (نامہ نگاران + نمائندہ خصوصی) مختلف وجوہات پر دلہن سمیت 3 افراد نے زندگی ختم کر لی۔ قصور کے نواحی گائوں اٹھیل پور میں محبت میں ناکامی پر دلبرداشتہ نوجوان نے زہریلی گولیاں کھا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ جواں سالہ طیب نے اپنے گائوں کی ایک لڑکی سے محبت کر رکھی تھی لڑکی کے گھر والوں نے رشتہ سے انکار کر دیا جس سے دلبرداشتہ ہو کر محمد طیب نے گندم میں رکھنے والی زہریلی گولیاں کھا کر موت کو گلے لگا لیا۔ پھلروان میں نوبیاہتا دلہن، سمندری میں گھر والوں کے شادی سے انکار پر فائرنگ کر کے محبوبہ کو زخمی کرنے کے بعد نوجوان نے خود کو گولی مار کر زندگی ختم کر لی۔ نواحی گاؤں ہرگن کی 22 سالہ ماریہ کی تقریباً دو ماہ قبل شادی ہوئی تھی۔ گذشتہ رات اس نے گلے میں دوپٹہ کے ذریعے پھندا لے کر زندگی ختم کر لی۔ وجہ گھریلو ناچاقی بتائی گئی ہے۔ چک نمبر 366گ۔ب سٹی سمندری کا 18 سالہ جاوید اپنی محلہ دار 17 سالہ زرینہ کو پسند کرتا تھا گھر والوں کی طرف سے شادی پر انکار سے دلبرداشتہ ہو کر اس نے خود کو اور اپنی محبوبہ کو فائر مار لئے انہیں الائیڈ ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاوید زندگی کی بازی ہار گیا جبکہ زرینہ کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔