بلدیاتی الیکشن : بلوچستان میں پولنگ آج ہو گی‘10 دسمبر تک ڈبل سواری پر پابندی
کوئٹہ (بیورو رپورٹ + نوائے وقت نیوز + ایجنسیاں) بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات آج ہفتہ 7دسمبر کو منعقد ہوں گے۔ پولنگ اور سکیورٹی کیلئے تمام انتظامات کرلئے گئے ہیں جبکہ کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں بلدیاتی انتخابات کے دوران آج سے 10 دسمبر تک دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے اور 3 روز کیلئے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری، گاڑیوں کے کالے شیشے اور اسلحے کی نمائش پر بھی پابندی ہو گی جبکہ صوبہ بھر میں آج تعطیل ہو گی۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں پر اطلاق نہیں ہو گا۔ بلوچستان میں 18ہزار امیدوار بلدیاتی انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں ان میں ڈھائی ہزار امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔ 32 لاکھ ووٹرز حق رائے دہی استعمال کرینگے۔ محکمہ داخلہ نے بلدیاتی انتخابات کے سلسلہ میں دفعہ 144 کے تحت آج 7 سے 10 دسمبر تک کیلئے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری، کالے شیشے والی گاڑی اور اسلحے کی نمائش پر پابندی عائد کردی ہے۔ سیکرٹری داخلہ بلوچستان اسد گیلانی نے میڈیا کو بتایا ہے کہ بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کیلئے 5ہزار 305 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں، ان پولنگ سٹیشنوں میں 2 ہزار 776 حساس ترین اور ایک ہزار 581 حساس قرار دیئے گئے ہیں، 958 پولنگ سٹیشنوں کو نارمل قرار دیا گیا ہے۔ محکمہ داخلہ کے مطابق آج صوبہ بھر میں عام تعطیل ہو گی، دوران انتخاب ضلع کونسل اور یونین کونسل کیلئے 2 الگ الگ سبز اور سفید بیلٹ پیپرز ووٹرز کو جاری کئے جائینگے۔ صوبہ بھر میں 11 ہزار 8 سو 47 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں شفاف اور پرامن الیکشن کے انعقاد کیلئے 50 ہزار سکیورٹی اہلکار تعینات جبکہ تمام اضلاع کو بیلٹ پیپرز اور عملہ پہنچا دیا گیا ہے۔ 4 ہزار ایک سو 68 نشستوں پر امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہو گا۔ الیکشن کمشن اور صوبائی حکومت کے حکام کے مطابق پولنگ کیلئے سٹاف اور بیلٹ پیپر مختلف اضلاع میں پہنچا دئیے گئے جس کیلئے ہیلی کاپٹرز اور سول ایوی ایشن کے طیارے استعمال کئے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں سیکرٹری الیکشن کمشن اشتیاق احمد نے کہا ہے کہ بلوچستان کے حوالے سے الیکشن کمشن کی تیاریاں مکمل ہیں، صوبائی حکومت بلدیاتی انتخابات کیلئے 2 سال سے کام کر رہی تھی، کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی تمام جماعتیں بلدیاتی الیکشن میں حصہ لے رہی ہیں، بلدیاتی الیکشن کرانے پر قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، حساس علاقوں میں پولنگ سٹیشنز کا فضائی معائنہ بھی کیا جائیگا۔ علاوہ ازیں قائم مقام چیف الیکشن کمشنر جسٹس ناصر الملک نے کہا ہے کہ بلوچستان میں آج بلدیاتی الیکشن کرانے کے لئے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کیلئے سکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں‘ پرامن شفاف انتخابات کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ ادھر بلوچستان کے علاقے تربت میں میونسپل کارپوریشن اور تمام وارڈز پر امیدوار بلامقابلہ کامیاب ہو گئے ریٹرننگ افسر کے مطابق 50 میں سے 49 وارڈ پر امیدوار کامیاب ہوئے جبکہ ایک پر کاغذات جمع نہیں کرائے گئے، کامیاب امیدواروں کا تعلق نیشنل پارٹی اور بی این پی عوامی سے ہے، علاوہ ازیں ریٹرننگ آفیسر لسبیلہ کے مطابق ضلع کونسل کی 22 میں سے 4 امیدوار کامیاب ہو گئے۔ علاوہ ازیں ترجمان ایف سی کے مطابق بلدیاتی انتخابات کیلئے فرنٹیئر کور کے اہلکاروں کی کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں تعیناتی کا عمل مکمل کر لیا۔ بلدیاتی انتخابات کے موقع پر سکیورٹی کیلئے ایف سی کے بلوچستان بھر میں 16 ہزار 312 اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں بلدیاتی الیکشن کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے کوئٹہ میں اعلی سطحی اجلاس ہوا۔ اجلاس کی صدارت قائم مقام چیف الیکشن کمشنر جسٹس ناصر الملک نے کی۔ سیکرٹری الیکشن کمشن اشتیاق احمد خان نے اجلاس کو بلوچستان میں ہونے والے انتخابات کے بارے میں بریفنگ دی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ تمام پولنگ سٹیشن پر انتخابی میٹریل پہنچا دیا گیا ہے اور اس سلسلہ میں تمام انتظامات کو حتمی شکل دی گئی ہے۔