نوجوانوں کے لئے بزنس قرضوں کا آج سے آغاز‘ گلگت بلتستان: سنگین جرائم میں ملوث افراد کو فوری سزا کے لئے خصوصی عدالتیں بنیں گی: نوازشریف
گلگت (نوائے وقت نیوز + ایجنسیاں) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ چلاس میں نانگا پربت پر غیر ملکی سیاحوں کو قتل کرنے والے 17 میں سے 11 کو ماسٹر مائنڈ سمیت گرفتار کرلیا ہے، گلگت بلتستان میں گھناؤنے جرائم میں ملوث ملزموں کے لئے خصوصی قانون نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت فرقہ واریت، اغوا برائے تاوان اور قتل و غارت میں ملوث ملزموں کو فوری سزائیں دلانے کیلئے عدالتیں قائم کی جائیں گی، گلگت بلتستان کے لئے سپیشل فورس بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے جس میں میرٹ پر بھرتیاں کی جائیں گی، سپیشل فورس قائم کی جائے گی۔ شاہراہ ریشم اور شاہراہ قراقرم کو محفوط بنائیں گے، گلگت بلتستان میں ترقیاتی کاموں کے لئے گزشتہ سال 8 ارب روپے دیئے گئے تھے، ہم چاہتے ہیں کہ یہ پیسہ ایمانداری سے استعمال کیا جائے، ایک ایک پیسہ قوم کی امانت سمجھ کر خرچ ہونا چاہئے، ایمانداری سے جو کام ہوگا وہ دیرپا ہوگا، ہم گلگت بلتستان کی حکومت کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں، علاقے میں سڑکوں کا جال بچھائیں گے۔کاشغر سے گوادر تک موٹروے طرز کی سڑک بنے گی، ریلوے لائنیں بچھائیں جائیں گی۔ گلگت میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ ترقیاتی کاموں سے گلگت بلتستان میں خوشحالی آئے گی اور جتنی خوشحالی اس خطے میں آئے گی کسی اور خطے میں نہیں آئے گی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے گلگت بلتستان میں دل کے امراض کا ہسپتال بنانے کا اعلان کیا، یوتھ بزنس لون سے متعلق بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ قرضہ سکیم میں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ اس سکیم کے تحت 21 سے 45 سال کے مرد اور خواتین کو آسان شرائط پر قرضہ فراہم کیا جائے گا جس میں وہ ایک لاکھ سے 20 لاکھ حاصل کرسکیں گے۔ قبل ازیں گلگت بلتستان کے گورنر اور وزیر اعلیٰ نے گلگت پہنچنے پر ہوائی اڈے پر وزیراعظم کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم کو روایتی گاؤن پیش کیا گیا۔ وزیراعظم نے پہنچنے کے بعد گلگت ہوائی اڈے پر نئے تعمیر کئے گئے ٹرمینل کا افتتاح کیا۔ انہوں نے عمارت کے مختلف حصوں کا معائنہ بھی کیا اور بریفنگ لی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ نوجوانوں کے لئے شروع کی گئی قرضہ سکیم سے گلگت بلتستان سمیت آزاد کشمیر کے نوجوان بھی مستفید ہوں گے، جس کے باعث گلگت بلتستان میں صنعتیں قائم ہوں گی، غربت کا خاتمہ ہو گا، گلگت بلتستان کے نوجوان اپنا کاروبار شروع کر سکیں گے، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے سے معیشت میں بہتری آئے گی۔ توانائی کے بحران کے خاتمے کیلئے بھاشا، داسو اور بونجی ڈیموں کی تعمیر سے 15 ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل کی جائے گی۔ وزیر اعظم نواز شریف نے کارکنوں سے خطاب میں کہا کہ گلگت بلتستان کا خطہ جلد خوشحال پاکستان کا حصہ بنے گا۔ کارکنوں کی طرف سے دی گئی تجاویز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ کارکن کسی بھی جماعت کی ریڑھ کی ہڈی ہوتے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ اپنے کارکنوں کو خاص اہمیت دی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ گلگت بلتستان میں ترقیاتی کاموں میں شفافیت اور گورننس کو یقینی بنایا جائے گا۔ ترقیاتی کاموں میں شفافیت کو یقینی بنانا ہمارا فرض ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ یوتھ بزنس قرضہ سکیم کا افتتاج آج سے ہوگا۔ ابتدائی طور پر 100 ارب روپے سے یوتھ بزنس لون پروگرام شروع کیا جا رہا ہے اس کے لئے فارم ایک دو دن میں دستیاب ہونگے۔ تعلیم کی کوئی شرط نہیں قرضہ لینے والے اسے جس طرح چاہیں اسے حصول معاش کیلئے استعمال کر سکیں گے۔ وزیراعظم نے گلگت بلتستان کونسل کے بجٹ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے آئندہ مالی سال کے لئے 82 کروڑ 66 لاکھ روپے کے بجٹ کی منظوری دی۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے گلگت ائر پورٹ کے نئے ٹرمینل کی عمارت کا افتتاح کر دیا جس سے ائر پورٹ پر مسافروں کی گنجائش میں اضافہ ہو گا۔ وزیراعظم کو نئی ٹرمینل عمارت بارے بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے نئے ٹرمینل کے مختلف شعبے بھی دیکھے اور ہدایت کی کہ نئی عمارت کی اچھی طرح دیکھ بھال کی جائے۔ واضح رہے یہ منصوبہ 14 کروڑ 80 لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے۔ ائر پورٹ ٹرمینل کی نئی عمارت میں خواتین کیلئے علیحدہ لائونج کے ساتھ ساتھ کنوینئر بیلٹ، فائر ڈیٹیکشن سسٹم، ائر کنڈیشنر اور انٹرنیٹ جیسی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ ڈائریکٹر ائر پورٹ سروسز نے بتایا کہ گلگت اندرون و بیرون ملک سے سیاحوں کیلئے پرکشش مقام ہے۔ پرانی ٹرمینل عمارت صرف 40 مسافروں کو ہینڈل کر سکتی تھی لیکن اب اس کی گنجائش 180 مسافروں تک ہو گی۔ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف آج نوجوانوں کیلئے آسان شرائط پر قرضہ سکیم کا باضابطہ آغاز کریں گے اس حوالے سے تقریب وزیراعظم سیکرٹریٹ میں ہوگی جس میں وزیر خزانہ اسحق ڈار‘ وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید‘ وزیراعظم کے نوجوانوں کیلئے قرضہ پروگرام کی چیئرپرسن مریم نواز‘ ارکان پارلیمنٹ و دیگر اہم شخصیات شرکت کریں گی۔ قرضہ پروگرام کے آغاز کیلئے تیاریاں کی گئی ہیں‘ پروگرام کی چیئرپرسن مریم نواز نے افتتاحی تقریب کے انتظامات کا جائزہ لیا اور خواتین ارکان پارلیمنٹ کے اجلاس کی صدارت کی۔ 45 سال تک کی عمر کے افراد قرضہ سکیم سے استفادہ کرسکیں گے۔ قرضے کی حد ایک لاکھ سے 20 لاکھ تک ہوگی 50 فیصد کوٹہ خواتین کیلئے مختص ہوگا۔ ابتدائی طور پر قرضے کا اجراء نیشنل بینک اور فرسٹ ویمن بینک کی تمام شاخوں سے ہوگا قرضہ سکیم کے باضابطہ آغاز کے بعد دونوں بینکوں کی شاخوں پر قرضے کے فارم دستیاب ہوں گے۔دریں اثناء گلگت بلتستان کونسل نے وزیراعظم نوازشریف کے زیر صدارت اپنے اجلاس میں تحفظ پاکستان بل کی منظوری دی ہے۔ اس بل کے تحت چلاس اور نانگا پربت کے سانحات اور اغواء برائے تاوان اور فرقہ وارانہ قتل جیسے گھنائونے جرائم میں ملوث مجرموں کیخلاف تیزی کے ساتھ مقدمات چلائے جاسکیں گے۔ وزیراعظم نے نانگا پربت میں ہلاکتوں کے سرغنہ سمیت گیارہ مجرموں کو گرفتار کرنے کی تعریف کی۔ انہوں نے گلگت بلتستان کی حکومت کو ہدایت کی کہ وہ گرفتار مجرموں پر تیزی کے ساتھ مقدمات چلانے کے لئے خصوصی عدالتیں قائم کرے۔ انہوں نے شاہراہ قراقرم کے ساتھ اور علاقے میں سیکورٹی اقدامات میں اضافے کیلئے نئی انسداد دہشت گردی فورس تشکیل دینے کی ہدایت بھی کی۔ وزیراعظم نے گلگت میںNALTAR فائیو پن بجلی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔ یہ بجلی گھر چین کے تعاون سے 2016ء میں مکمل ہوگا۔ وزیراعظم نے اقتصادی راہداری منصوبے اورعطا آباد جھیل کا بھی فضائی جائزہ لیا۔ انہیں اقتصادی راہداری منصوبے کے قراقرم ہائی وے پر اثرات کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔