مشرف کے پیش نہ ہونے پر عدالت برہم، سیکرٹری داخلہ، آئی جی، چیف کمشنر اسلام آباد کو نوٹس جاری
اسلام آباد(ثناء نیوز+ نوائے وقت نیوز)ا سلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ججز نظربندی کیس میں پرویز مشرف کی عدم حاضری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر ضامن کو بھی طلب کرلیا۔ سیکرٹری داخلہ، آئی جی اور چیف کمشنر اسلام آباد کو نوٹس جاری کردیئے گئے۔ اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج عتیق الرحمان نے ججزنظربندی کیس کی سماعت کی۔سابق صدر کے وکیل الیاس صدیقی نے عدالت کو بتایا کہ انتظامیہ اور پولیس پرویزمشرف کی سکیورٹی کی ذمہ داری دے توعدالت میں پیش کرسکتے ہیں۔ عدالت نے سابق صدر پرویز مشرف کی عدم حاضری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر ضمانتی کو طلب کرلیا۔ عدالت نے سیکرٹری داخلہ، آئی جی اور چیف کمشنر کو بھی تیرہ دسمبر کے نوٹس جاری کردیئے۔ عدالت نے پرویز مشرف کو ہدایت کی کہ 3دسمبرتک اپنی سکیورٹی کے بارے میں جواب داخل کرائیں۔ وکیل استغاثہ نعیم الرحمان نے کہا کہ ملزم کی عدم موجودگی میں بیان ریکارڈ نہیں ہوسکتا۔مشرف کا فارم ہائوس پر بیٹھ کر استثناء کی درخواست بھجوانا قانون سے مذاق ہے۔