• news

منی لانڈرنگ کیس: متحدہ کے 2 کارکنوں کی لندن میں گرفتاری ‘ ضمانت پر رہائی

لندن (نوائے وقت نیوز) لندن میٹرو پولیٹن پولیس نے منی لانڈرنگ کیس میں متحدہ قومی موومنٹ سے تعلق رکھنے والے 2 افراد کو حراست میں لے لیا۔ بعدازاں دونوں ملزموں کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔ پولیس نے گذشتہ روز ویسٹ لندن میں 2 گھروں پر علی الصبح چھاپہ مار کر دونوں افراد کو حراست میں لیا۔ گرفتار ملزمان میں سے ایک 70 برس اور دوسرا 40 برس کا شخص ہے۔ ملزمان کو سنٹرل لندن پولیس سٹیشن منتقل کر دیا گیا۔ دریں اثناء لندن میٹرو پولیٹن پولیس کے ہاتھوں گرفتار دونوں ملزموں کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق منی لانڈرنگ کی تحقیقات جاری ہیں۔ دونوں افراد کو ایک ماہ بعد دوبارہ بلایا گیا ہے۔ لندن پولیس نے کہا کہ برطانوی سرزمین کو غیر قانونی سرگرمیوں کیلئے استعمال نہیں ہونے دینگے۔ علاوہ ازیں لندن پولیس کے ایک اہلکار رچرڈ جونز نے بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان دونوں افراد کو حراست میں لے کر مرکزی لندن کے ایک تھانے میں منتقل کیا گیا بعدازاں دونوں کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا، پولیس دو مختلف کیسوں میں متوازی تحقیقات کر رہی ہے ان میں ایک کیس منی لانڈرنگ اور دوسرا ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل کا ہے۔ انہوں نے دونوں افراد کی شناخت ظاہر نہیں کی البتہ یہ کہا کہ ایک 70 برس کے ہیں جبکہ دوسرا شخص 40 کے قریب ہے۔ لندن پولیس نے اس سلسلے میں ایک مختصر بیان بھی جاری کیا جس میں کہا گیا کہ مغربی لندن کے ایک علاقے میں دو گھروں کی مفصل تلاشی بھی لی گئی ہے۔ اس بیان میں کہا گیا کہ یہ چھاپے میٹروپولیٹن پولیس کے انسداد دہشت گردی کے یونٹ نے مارے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن