پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول پھر مؤخر، پیر کو جاری ہو گا
اسلام آباد ( خبر نگار +نوائے وقت نیوز) الیکشن کمشن آف پاکستان نے پنجاب اور سندھ کیلئے بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کا اعلان ایک مرتبہ پر مؤخر کر دیا۔ شیڈول آج ہفتہ کو جاری ہونا تھا جو اب پیر کے روز جاری کیا جائیگا۔ الیکشن کمشن نے دونوں صوبوں کو 8 دسمبر تک قانونی تقاضے پورے کرنے کی ہدایت کر دی۔ ذرائع الیکشن کمشن کے مطابق 8 دسمبر تک سندھ اور پنجاب سے قانونی تقاضے پورے کرنے کا کہا گیا تھا لیکن سندھ نے 7 اور پنجاب میں 3دن کا وقت مانگ لیا ہے۔ الیکشن کمشن دونوں صوبوں کو خط لکھ رہا ہے کہ قانونی تقاضے پورے کر لئے جائیں تاکہ 9 دسمبر کو انتخابی شیڈول جاری کر دئیے جائیں۔ الیکشن کمشن کا کہنا ہے پنجاب میں 30 جنوری اور سندھ میں 18جنوری کو ہی بلدیاتی انتخابات ہونگے۔