• news

کراچی: 10 قتل، ہوٹل پر فائرنگ، اہلسنت والجماعت کے کارکن 2 بھائی اورکزن جاں بحق

کراچی (کرائم رپورٹر + این این آئی) کراچی میں فائرنگ اور تشدد کے دیگر واقعات میں 10 افراد جاںبحق ہو گئے۔ پولیس نے 43 جرائم پیشہ عناصر کو حراست میں لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق رات گئے گلشن اقبال کے علاقے مسکن چورنگی کے قریب ایک ہوٹل پر موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر دی جس سے 3 افراد جاںبحق دو شدید زخمی ہو گئے۔ فائرنگ کا نشانہ بننے والے افراد ہوٹل پر کھانا کھا رہے تھے۔ تینوں کاشف اور طالب اپنے کزن ساجد کے ساتھ بیٹھے تھے دونوں بھائیوں کا تعلق اہلسنت والجماعت سے بتایا جاتا ہے۔ نیو کراچی کے صنعتی ایریا کی فلور ملز میں ٹھیکیدار برکت علی کو سکیورٹی گارڈ عمر حیات نے ناشتہ نہ دینے پر گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ لنڈی کوتل چورنگی کے قریب نارتھ ناظم آباد پھل فروش محمد قاسم کو نامعلوم افراد نے سر میں گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ پی آئی بی کالونی کے علاقے عیسیٰ نگری سے ایک بچے کی بازو، گلا اور زبان کٹی نعش ملی جسے قتل کرنے کے بعد جلایا بھی گیا تھا۔ اورنگی ٹاؤن میں ضیا ہسپتال کے قریب موٹر سائیکل سوار عامر گولی لگنے سے جاںبحق ہو گیا جبکہ کینٹ ریلوے سٹیشن کے پلیٹ فارم 7 کے قریب جھاڑیوں سے نامعلوم شخص کی تشدد زدہ نعش ملی۔ ادھر لیاری میں فٹ بال ہاؤس کے قریب موٹر سائیکل سواروں نے باہر بیٹھے لوگوں پر دستی بم پھینک دیا جس کے پھٹنے سے احسان اور مبشر سمیت 4 افراد شدید زخمی ہو گئے۔ فرنٹیئر کالونی میں بھتہ خوروں نے درزی کی دکان پر بم پھینک دیا جس سے دکان تباہ، دیگر دو دکانوں کو بھی نقصان پہنچا۔ دریں اثناء پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپوں کے دوران 43 جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کر لیا۔ علاوہ ازیں اورنگی ٹاؤن کے سیکٹر 8 میں ایک شخص کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔ قبل ازیں لیاری گینگ وار کے اہم ملزم اور کالعدم امن کمیٹی کے سربراہ عزیر بلوچ کو گرفتار کئے جانے کی اطلاعات گردش کرتی رہیں۔ این این آئی کے مطابق ایس ایس پی ایسٹ پیر محمد شاہ نے میڈیا کو بتایا کہ گرفتار ہونے والا لیاری گینگ وار کا ملزم عزیر بلوچ قتل، اقدام قتل اور بھتہ خوری سمیت متعدد سنگین وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا۔ انہوں نے بتایا کہ ایسٹ زون کے مختلف علاقوں سے تین ٹارگٹ کلرز کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ احمد نامی ملزم نے آٹھ افراد کے قتل کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔ ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق عید کے روز گلشن اقبال میں پٹرول پمپ ڈکیتی کے مرکزی ملزم جمیل کو بھی اس کے 6 ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن