• news
  • image

جونیئر ہاکی ورلڈکپ : پاکستان نے مصر کو 3-2 سے شکست دیدی

جونیئر ہاکی ورلڈکپ : پاکستان نے مصر کو 3-2 سے شکست دیدی

 لاہور(سپورٹس رپورٹر) 10 واں جونیئر ورلڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ نئی دہلی میں شروع ہو گیا۔ پاکستان ٹیم نے اپنے افتتاحی میچ میں مصر کو 2 کے مقابلے 3 گول سے شکست دی۔ میچ میں پاکستان کی طرف سے کھیل کے چوتھے منٹ میں محمد عرفان نے پنلٹی کارنر پر گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔ کھیل کے 30 ویں منٹ میں عماد شکیل بٹ نے فیلڈ گول کر کے پاکستان کی مصر کے خلاف برتری کو ڈبل کر دیا۔ پہلے ہاف کے خاتمے پر پاکستان کو دو صفر سے برتری حاصل تھی۔ دوسرے ہاف میں کھیل کے 60 ویں منٹ میں مصر کی جانب سے پنلٹی کارنر پر احمد محسن نے گول کر کے اپنی ٹیم کا خسارہ ایک گول کم کیا۔ تین منٹ بعد ہی مصر کے محمد راغب نے پنلٹی کارنر پر گول کر کے مقابلہ دو دو گول سے برابر کر دیا۔ کھیل کے 66 ویں منٹ میں پاکستان کو ملنے والے پنلٹی کارنر پر محمد توثیق نے بال کو جال کی راہ دکھا کر ایک مرتبہ پھر پاکستان کی مصر پر 3-2 سے برتری قائم کر دی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔ بیلجئم نے دفاعی چیمپئن جرمنی کی ٹیم کو تین ایک سے ہرا کر اپ سیٹ کر دیا۔ کوریا نے کینیڈا کے خلاف 7-4 سے کامیابی حاصل کی۔ آسٹریلیا نے ارجنٹینا کو 5-2 سے، ملائیشیا نے نیوزی لینڈ کو 3-2 سے مات دی۔ آج دوسرے روز مزید چار میچ کھیلے جائیں گے۔ جس میں بیلجئم کا مقابلہ مصر سے، پاکستان کا مقابلہ جرمنی سے، کوریا کا مقابلہ نیدر لینڈ سے جبکہ میزبان بھارت کی ٹیم کینیڈا کے خلاف مد مقابل ہوگی۔

epaper

ای پیپر-دی نیشن