الطاف حسین نے مشاورت کیلئے پارٹی رہنمائوں کو لندن بلا لیا، فاروق ستار عشرت العباد اور دیگر روانہ
کراچی(این این آئی) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے قائد الطاف حسین نے گورنر سندھ سمیت پارٹی کے اہم رہنمائوں کو مشاورت کیلئے لندن طلب کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق الطاف حسین نے ڈاکٹر فاروق ستار، بابر خان غوری، عادل صدیقی اور گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد شامل ہیں جن کو فوری طور پر لندن پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ان تمام رہنمائوں کو تنظیمی، بلدیاتی اور کراچی آپریشن پر مشاورت کے لیے طلب کیا گیا ہے۔ آئندہ اڑتالیس گھنٹوں میں رابطہ کمیٹی پاکستان میں اہم تبدیلیوں کا امکان ہے۔ کراچی+ دبئی سے نوائے وقت رپورٹ کے مطابق ایم کیو ایم کے اہم رہنما لندن کیلئے روانہ ہو گئے۔ نجی ٹی وی کے مطابق ڈاکٹر فاروق ستار، بیرسٹر فروغ نسیم اور رئوف صدیقی، خواجہ سہیل منصور، سینیٹر عبدالحسیب دبئی روانہ ہو گئے جہاں سے وہ لندن جائیں گے۔ ڈاکٹر عشرت العباد بھی دبئی روانہ ہو گئے جہاں سے وہ لندن جائیں گے جبکہ بابر غوری امریکہ سے لندن پہنچیں گے۔