افغانستان میں مفاہمتی عمل، پاکستان حوصلہ افزا کردار ادا کر سکتا ہے: امریکہ
واشنگٹن (اے این این) پاکستان اور افغانستان کیلئے امریکہ کے خصوصی نمائندے جیمز ڈوبنز نے کہا ہے کہ افغانستان میں مفاہمت اور امن کے عمل میں پاکستان ایک حوصلہ افزا کردار ادا کر سکتا ہے، افغان صدر حامد کرزئی سے ملاقات میں افغانستان امریکہ دوطرفہ سکیورٹی معاہدے پر بات ضرور ہوئی مگر اس بارے میں پیشرفت نہیں ہو سکی۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے اپنے حالیہ دورہ افغانستان کو معمول کے دوروں کا حصہ قرار دیا جس میں افغانستان میں مصالحت اور امن عمل کے معاملے پر بات چیت کی۔ ڈوبنز نے کہا کہ پاکستان افغانستان مفاہمت اور امن عمل میں حوصلہ افزا کردار ادا کر سکتا ہے جو مثبت عنصر ہے۔ صدر کرزئی کے حوالے سے ملاقات میں انہوں نے کہا کہ دوطرفہ سکیورٹی معاہدے پر بات کی گئی تاہم اس سلسلے میں مزید پیش رفت نہیں ہوئی تاہم میں نے واضح کیا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ ہمیں خدشات اور غیر یقینی کی صورتحال کو جلد ختم کرنا ہو گا کیونکہ انتخابات قریب آرہے ہیں۔ میں نہیں کہہ سکتا کہ صدر کرزئی نے مؤقف میں کوئی تبدیلی لائی جس کا وہ اظہار عوام کے سامنے کرتے رہے۔ پاکستان اور افغانستان کے حکام کے درمیان بات چیت کے نتیجے میں ملا برادر کی رہائی عمل میں آئی تاہم مناسب انداز میں آگے بڑھنے کیلئے دونوں ملکوں کو مزید بات چیت کی ضرورت ہے۔