بینظیر قتل کیس: اکثر زخمیوں کے جسم بارودی مواد پھٹنے سے جھلسے ہوئے تھے: ڈاکٹر قاسم
راولپنڈی (نوائے وقت نیوز)بینظیر قتل کیس میں ڈی ایچ کیو ہسپتال راولپنڈی کے ڈاکٹر قاسم کا بیان قلمبند کر لیا گیا،آئندہ سماعت پر وکلاء گواہوں پر جرح کریں گے۔بینظیر قتل کیس کی سماعت راولپنڈی میں انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے جج چودھری حبیب الرحمن نے کی۔27دسمبر 2007کو لیاقت باغ راولپنڈی کے دھماکے میں جاں بحق ہونیوالوں کا پوسٹمارٹم اور زخمیوں کا علاج کرنیوالے ڈاکٹر قاسم کا بیان قلمبند کیا گیا۔ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر راولپنڈی کے ڈاکٹر قاسم نے بتایا کہ دھماکے میں زخمی ہونیوالے افراد کا علاج معالجہ کیا۔اکثر زخمیوں کے جسم بارودی مواد پھٹنے سے جھلسے ہوئے تھے۔انہوں نے عدالت کو بتایا کہ دھماکے میں 10 زخمیوں کی میڈیکل رپورٹ تیار کی تھی۔عدالت نے بینظیر قتل کیس کی سماعت چودہ دسمبر تک ملتوی کر دی۔ آئندہ سماعت پر وکلاء کی جانب سے گواہوں پر جرح کی جائے گی۔