بلدیاتی انتخابات مارچ میں کرانے پر غور کر رہے ہیں: پرویز خٹک
نوشہرہ (نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) وزیر اعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے کہا ہے کہ صوبے میں بلدیاتی انتخابات مارچ میں کرانے پر غور کر رہے ہیں۔ ولیج کونسل کی سطح پر غیر جماعتی جبکہ تحصیل اور ضلع کی سطح پر جماعتی بنیادوں پر بلدیاتی انتخابات ہوں گے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ ہم پر اعتراض کرنے والے اور محکموں میں کرپشن کا الزام لگانے والے ثبوت لائیں۔ صوبے کی ترقی کیلئے تمام فنڈز شفاف طریقے سے استعمال کئے جائیں گے۔ کسی بھی محکمے میں بد عنوانی برداشت نہیں کریں گے۔ جرائم پر قابو پانے کیلئے خفیہ معلومات کے تبادلے کا محکمہ قائم کیا جا رہا ہے۔ سی ایم سیکرٹریٹ پشاور میں جائزہ اجلاس میں وزیر اعلیٰ نے اہل چترال کی معروضات اور مشکلات کے پیش نظر مکمل بحالی کے عمل میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ تمام یونین کونسلوں میں بحالی و تعمیرنو کے منصوبے جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کی ہدایت کی اور متنبہ کیا کہ آئندہ وہ اہداف کے بروقت حصول اور متعینہ فرائض کی بطریق احسن ادائیگی کے سوا کوئی حیلے بہانے سننا گوارا نہیں کرینگے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکام تخمینے بناتے وقت ضرور سوچیں کہ یہ تمام اخراجات ہمارے غریب عوام کے ٹیکسوں سے پورے ہوتے ہیں۔ آئندہ خلاف حقیقت تخمینوں اور غلط رپورٹوں پر متعلقہ افسران کی سرزنش ہونی چاہئے اسی طرح بحالی اور ترقی کے عمل میں ایس آر ایس پی سمیت امدادی اداروں کی معاونت بھی کرنا چاہئے۔