• news

اوکاڑہ: راستے سے ہٹانے کا کہنے پر خاتون پر کتا چھوڑ دیا، شدید زخمی

اوکاڑہ (نامہ نگار) اوکاڑہ کے نواح میں ایک کتے نے خاتون کی بوٹیاں نوچ لیں۔ دیہاتیوں نے بڑی مشکل سے جان چھڑائی۔ خاتون کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ملزمان نے جان بوجھ کر کتا چھوڑا، مدعی کا الزام۔ تھانہ راوی اوکاڑہ کے نواحی قصبہ اٹھوال جاگیر کے ملزمان اللہ دتہ عرف اللہ ودھایا اور اس کا بیٹا ممتاز اپنا نسلی کتا لے کر شمعون کے گھر کے باہر کھڑے تھے، شمعون کی والدہ صغراں بی بی گھر سے باہر نکلی تو اس نے کہا کہ اپنے کتے کو ہٹا لو جس پر ملزمان نے کتے کو اس پر حملہ کرنے کا اشارہ کر دیا جس پر کتے نے حملہ کر دیا اور کاٹ کاٹ کر بوٹیاں نوچ لیں جس سے وہ شدید زخمی ہو گئی۔ دیہاتیوں نے بڑی مشکل سے خاتون کو بچایا جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے خاتون کے بیٹے شمون کی درخواست پر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ شمعون نے الزام لگایا ملزمان نے جان بوجھ کر اس کی والدہ پر اپنا کتا چھوڑا۔ پولیس نے تفتیش شروع کر دی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن