کراچی ٹارگٹڈ آپریشن‘ تین ماہ میں گیارہ ہزار جرائم پیشہ عناصر پکڑ لئے‘ پولیس حکام
کراچی ٹارگٹڈ آپریشن‘ تین ماہ میں گیارہ ہزار جرائم پیشہ عناصر پکڑ لئے‘ پولیس حکام
کراچی (نوائے وقت رپورٹ + کرائم رپورٹر) کراچی میں لیاری کے مختلف علاقوں سے دو افراد کی گولیاں لگی نعشیں برآمد کرلی گئیں، رینجرز اور پولیس کے ٹارگٹڈ آپریشن میں 3 ماہ کے دوران 10 ہزار افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ تفصیلات کے مطابق لیاری کے علاقوں رانگی واڑہ اور گلستان کالونی سے دو نعشیں ملی ہیں۔ پولیس کے مطابق مقتولین کو اغوا کے بعد فائرنگ کر کے قتل کیا گیا۔ گلستان کالونی سے ملنے والی نعش کی شناخت مشتاق کے نام سے ہو گئی جبکہ رانگی واڑہ سے ملنے والی لاش کی شناخت نہیں ہو سکی۔ دریں اثناء پولیس کے مطابق کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن میں تین ماہ کے دوران 10 ہزار جرائم پیشہ افراد پکڑے گئے، تین ہزار مختلف اقسام کے ہتھیار برآمد اور 15 ہزار کلو سے زائد دھماکہ خیز مواد پکڑا گیا۔ پولیس کے اعلیٰ افسران کے اجلاس میں پولیس کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ آئی جی سندھ شاہد ندیم بلوچ کو پولیس آپریشن پر بریفنگ کے دوران بتایا گیا پولیس نے 5ستمبر سے 6دسمبر تک 4 ہزار8 سو 49 چھاپہ مار کارروائیاں کیں، گرفتار افراد میں 102 مبینہ دہشت گرد،61 بھتہ خور، 3056 مفرور اور 269 اشتہاری ملزمان شامل ہیں۔ گزشتہ چار ماہ میں 546 مقابلے ہوئے جن میں 89 ملزم ہلاک ہوئے۔ علاوہ ازیں رینجرز اور پولیس نے گزشتہ روز لیاری، کورنگی، ایف سی ایریا، فرنٹیئر کالونی اور دیگر علاقوں سے مزید 70 جرائم پیشہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ لیاقت آباد پولیس نے بین الاقوامی ڈکیت گینگ کے سرغنہ اور ریزرو پولیس کے ہیڈ کانسٹیبل ارشد اقبال کو دو ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا۔ علاوہ ازیں ماڑی پور روڈ پر شام کو 4 باراتیوں کو حراست میں لئے جانے پر ان کے ورثا اور اہل علاقہ نے سڑک بلاک کرکے مظاہرہ کیا جس سے کئی سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام رہا پولیس اور رینجرز نے ہوائی فائرنگ اور لاٹھی چارج کرکے انہیں منتشر کر دیا۔
کراچی/آپریشن
کراچی