سندھ بھر میں یوم ثقافت منایا گیا، بلاول کی صوبہ کے عوام کو مبارکباد
سندھ بھر میں یوم ثقافت منایا گیا، بلاول کی صوبہ کے عوام کو مبارکباد
کراچی (نوائے وقت نیوز+ آئی این پی) سندھ بھر میں یوم ثقافت منایا گیا اور اس کی مناسبت سے کراچی، سکھر، سانگھڑ، بدین، حیدر آباد سمیت دیگر شہروں میں مختلف رنگا رنگ تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ لوگوں نے رواےتی اجرک اور سندھی ٹوپی پہن کر لوک رقص کیا۔ بچیوں نے بھی رواےتی سندھی لباس پہنے۔ سکولوں میں کمسن طالب علموں نے سندھی نغموں کی دھنوں پر رقص کیا۔ مختلف علاقوں میں ریلیاں بھی نکالی گئیں۔ علاوہ ازیں پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یوم ثقافت منانے پر سندھ کے عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یوم ثقافت منانے کا مقصد سندھ کے ثقافتی ورثے کو محفوظ بنانا ہے۔ گذشتہ روز اپنے ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا حکومت، سندھ کے ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لئے اقدامات کرے۔ وادی مہران کی منفرد ثقافت منانے کے لئے لگائے جانے والے میلے پر عوام کو مبارکباد دیتا ہوں۔ جہاں کہیں بھی سندھ کی ثقافت کے لئے جشن منایا جائے گا وہ اس کا حصہ ہوں گے۔علاوہ ازیں وزیراعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ سندھ کے عوام کو یوم ثقافت کے موقع پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ بدقسمتی سے ہم نے اپنی ثقافت کو چھوڑ دیا ہے۔ کوئٹہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہا سندھ کے عوام کو اپنی ثقافت گلے لگانے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
سندھ یوم ثقافت