• news

انسداد بدعنوانی کا عالمی دن آج منایا جائیگا صدر، شہباز شریف، گورنر بلوچستان پرویز خٹک کے پیغامات

لاہور/ اسلام آباد (خبرنگار+ ایجنسیاں) پاکستان سمیت دنیا بھر میں انسداد رشوت ستانی کا دن آج بروز سوموار منایا جائیگا۔ اس دن کی مناسبت سے کرپشن کی روک تھام کیلئے کام کرنیوالے سرکاری محکموں کے علاوہ غیر سرکاری تنظیمیں سیمینارز، کانفرنسز، واکس اور دیگر تقریبات کا انعقاد کریں گی۔ صدر ممنون حسین نے  انسداد بدعنوانی کے عالمی دن پر پیغام  میں کہا ہے معاشرے کے تمام طبقات بدعنوانی کے ناسور کی روک تھام کیلئے اپنا کردار ادا کریں اور اس لعنت کے خاتمے کیلئے انفرادی اور اجتماعی طور پر کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا عہد کریں۔ انہوں نے کہا یہ دن ہمیں اس سنگین خطرے کا احساس دلاتا ہے جو بدعنوانی کی عفریت کی وجہ سے بنی نوع انسان کو لاحق ہے۔ انہوں نے دعا کی اﷲ تعالیٰ ہمیں اپنے معاشرے سے بدعنوانی سمیت تمام سماجی برائیوں کو ختم کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف نے اپنے پیغام میں کہا ہے کرپشن ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے اور بدعنوانی کی اس لعنت کو جڑ اکھاڑ پھینکنے کیلئے ہم سب کو مل جل کر جدوجہد کرنا ہو گی۔ شفافیت اور بدعنوانی کا خاتمہ حکومت پنجاب کا طرہ امتیاز ہے۔ صوبہ میں شفافیت کو فروغ دیکر گڈگورننس کی مثال قائم کی ہے۔ گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کرپشن نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا کا ایک اہم مسئلہ ہے تاہم ہمارے ملک میں یہ مسئلہ نہایت سنگین صورت اختیار کرچکا ہے اور ہر سال کھربوں روپے کرپشن کی نذر ہو جاتے ہیں۔ خیبر پی کے کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے کہا کرپشن حرام خوری اور نااہلی کو فروغ دیتی اور میرٹ کودفن کر دیتی ہے۔ یہ ایک سماجی ظلم اورعوام کے حقوق پر ڈاکہ ہے جس سے معاشرے میں عدم اطمینان اور مایوسی پھیلتی ہے۔ وقت کا تقاضاہے کہ ہم ترجیحی بنیادوں پر اپنے معاشرے کوکرپشن کی لعنت سے پاک کرنے کیلئے مربوط، موثر اور سنجیدہ کوششیں کریں۔

ای پیپر-دی نیشن