عالمی امداد بند ہوئی تو ذمہ دار دھرنا دینے والے ہونگے: پرویز رشید
اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر برائے اطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ تحریک انصاف بلدیاتی انتخابات میں چند کونسلرز کی نشستیں حاصل کرنے کیلئے قومی فاد کو دائو پر لگا رہی ہے، نیٹو سپلائی روکنے کیلئے دیئے جانیوالے دھرنوں کی وجہ سے عالمی امداد بند ہوئی تو اسکے ذمہ دار دھرنا دینے والے ہوںگے، لاپتہ افراد کی بازیابی ہونی چاہئے، لاپتہ افراد کیس سمیت سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل درآمد کریں گے۔ وزارت قانون وانصاف و انسانی حقوق کے زیر اہتمام انسانی حقوق کے عالمی دن کے حوالے سے منعقدہ تقریب اور میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ ملک میں بنیادی انسانی حقوق کی فراہمی اور ان کاتحفظ ایک چیلنج ہے جسے حکومت قبول کرتے ہوئے پورا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے وفاقی سطح پر آئین کے آرٹیکل 25 اے کے تحت میٹرک تک تعلیم مفت کردی ہے جبکہ صوبائی سطح پر اسی آرٹیکل کو نافذ کرنے کے لئے قانون سازی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اقلیتی برادری کے حقوق کی ضامن ہے اور اقلیتی برادری کی مشاورت سے ہندو، عیسائی شادی و طلاق ایکٹ تشکیل دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس افتخار محمد چودھری نے عدلیہ کی مضبوطی اور جمہوریت کے تسلسل کیلئے مضبوط کردار ادا کیا جس پر پوری قوم انہیں ہمیشہ سنہری الفاظ میں یاد کرتے رہیں گے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نیٹو سپلائی کی بندش کے معاملہ پر امریکہ کی جانب سے امداد بند کرنے کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔