نیلسن منڈیلا کی یاد میں دعائیہ تقریب، اوباما سمیت عالمی رہنمائوں کی شرکت
جوہانسبرگ (بی بی سی+ اے ایف پی+ نوائے وقت رپورٹ) جنوبی افریقہ میں سرکاری سطح پر ملک کے پہلے سیاہ فام صدر آنجہانی نیلسن منڈیلا کی آخری رسومات ادا کی جا رہی ہیں۔ جوہانسبرگ میں منڈیلا کی یاد میں منعقدہ دعائیہ تقریب میں نیلسن منڈیلا کو خراجِ عقیدت پیش کرنے والوں میں امریکی صدر بارک اوباما اور اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری بان کی مون سمیت 90 عالمی رہنما شریک ہوئے۔ بارش کے باوجود ہزاروں افراد اس تقریب میں شریک ہوئے جبکہ بڑی تعداد میں لوگ ایک رات قبل سے گرائونڈ میں پہنچ گئے تھے۔ ایف این بی سٹیڈیم میں ہونے والی دعائیہ تقریب کو گذشتہ چند سالوں میں عالمی رہنماؤں اور معروف شخصیات کا سب سے بڑا اجتماع قرار دیا گیا ہے۔ تقریب سے جنوبی افریقہ کے صدر جیکب زوما کے علاوہ امریکی صدر اوباما، برازیلی صدر دیلما رؤسف اور کیوبا کے صدر راؤل کاسترو نے خطاب کیا۔ نیلسن منڈیلا کے چار نواسے نواسیوں نے بھی اس موقع پر تقاریر کیں۔ برطانوی وزیرِاعظم ڈیوڈ کیمرون، جارج بش، جمی کارٹر، بل کلنٹن، محمود عباس، رابرٹ موگابے، بھارت اور پاکستان کے صدور بھی نیلسن منڈیلا کی آخری رسومات کے سلسلے میں منعقد کی جانے والی اس تقریب میں شریک ہوئے۔ یہ سلسلہ اتوار کو انکی تدفین تک جاری رہے گا۔ نیلسن منڈیلا کے جسدِ خاکی کو اس دعائیہ تقریب کے بعد تین دن تک دارالحکومت پریٹوریا میں رکھا جائیگا اور اتوار 15 دسمبر کو سرکاری سطح پر انکی آخری رسومات ادا کر دی جائیں گی۔ ایسٹرن کیپ کے علاقے میں منڈیلا کے آبائی گاؤں قونو میں انکی تدفین کے موقع پر بھی کچھ عالمی شخصیات موجود ہوں گی جن میں برطانوی ولی عہد شہزادہ چارلس بھی شامل ہیں۔ جنوبی افریقہ کے صدر جیکب زوما نے نیلسن منڈیلا کی کوششوں کی تعریف کی اور نیلسن منڈیلا کو جنوبی کیلئے ایک نعمت قرار دیا۔ دریں اثنا بارک اوباما نے اپنی تقریر کے دوران نیلسن منڈیلا کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ نیلسن منڈیلا نے نسلی امتیاز کے حوالے سے کوششوں کے ذریعے تاریخ میں اپنا نام محفوظ کر لیا۔ انہوں نے اپنی قوم کو انصاف کی ترغیب دی۔ علاوہ ازیں اسرائیلی وزیراعظم نیلسن منڈیلا کی آخری رسومات میں شرکت نہیں کرینگے۔ تدفین کی آخری رسومات میں دنیا بھر سے سربراہان مملکت اور حکومت کی ریکارڈ تعداد کے علاوہ 80 ہزار جنوبی افریقی شہریوں کی شرکت متوقع ہے۔ ریالٹی ٹی وی پروگرام ایکس فیکٹر کی جج نکول شرزینگر نیلسن منڈیلا کی تدفین کی تقریب میں پرفارم کریں گی۔ دریں اثنا تقریب نیلسن منڈیلا کی بیوہ گریسا میچل اپنے شوہر کے انتقال کے بعد پہلی بار ان کی یاد میں سووہٹو سٹیڈیم میں ہونے والی تقریب میں آئیں۔ انہوں نے کالے رنگ کا لباس پہن رکھا تھا۔ منڈیلا کی اہلیہ بہت کم عام لوگوں میں دکھائی دیتی ہیں اور اس سے قبل انہیں منڈیلا کی جدوجہد کے حوالے سے ایک ماہ قبل ریلیز ہونیوالی فلم کی پریمیر شو میں دیکھا گیا تھا۔