ٹیکس پر ٹیکس لگا کر عوام کا خون نچوڑا جا رہا ہے: لاہور ہائیکورٹ
لاہور(وقائع نگار خصوصی) لاہورہائی کورٹ کے مسٹر جسٹس فرخ عرفان خان نے بجلی کے بلوں میں ایکولائزیشن سرچارج نافذ کرنے کے خلاف درخواستوں کی سماعت کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ ٹیکس پر ٹیکس لگا کر عوام کا خون نچوڑا جا رہا ہے۔ لوگوں کو کاروبار کرنے دینے کی بجائے عدالتوں میں گھسیٹا جا رہا ہے۔ درخواست گزار کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا ایکولائزیشن سرچارج عوام کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے کیونکہ مختلف صوبوں کے لائن لاسز اور نقصانات کو دوسرے صوبوں پر ڈال دیا جاتا ہے جو آئین کی خلاف ورزی ہے لہٰذا اسے کالعدم قرار دیا جائے۔ عدالت نے قرار دیا کہ اگر کاروباری حضرات کو کاروبار نہیں کرنے دینا تو پھر بتایا جائے کہ وہ کیا کریں لوگوں کو ریلیف دینے کی بجائے عدالتوں میں گھسیٹا جار ہا ہے۔ جب رقم قومی خزانے میں جمع ہوتی ہے تو پھر حکومت کو ہر صورت جواب بھی دینا پڑے گا۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 19 دسمبر تک ملتوی کرتے ہوئے وفاقی حکومت سمیت فریقین سے تفصیلی جواب طلب کر لیا۔