• news

امداد بند کرنے کی امریکی دھمکیوں سے فرق نہیں پڑتا، ڈرون حملے جاری رہیں گے: سعد رفیق

لاہور (آن لائن + این این آئی) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ امریکہ پاکستان کی امداد بند کرنے کی دھمکیاں دے رہا ہے مگر اس سے کوئی فرق نہیں پڑیگا، امرایکہ ان داتا نہیں، ان داتا اللہ تعالیٰ کی ذات ہے، دھرنوں سے ڈرون حملے بند نہیں ہونگے لیکن کسی کو دھرنا دینے سے روکا بھی نہیں جا سکتا، بھارتی ریلوے کی ترقی کا راز جاننے کے لئے پاکستان ریلویز کا وفد جلد بھارت کا دورہ کریگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز ریجنل کانفرنس آن ٹریڈ کے اختتامی اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں لگی آگ کی ذمہ دار افغان جنگ کی سرپرستی کرنے والی وہ طاقتیں ہیں جنہوں نے پہلے جہادیوں کا ساتھ دیا اور پھر انہیں آزاد چھوڑ دیا۔ انہوں نے کہا کہ اداروں کے مابین کسی قسم کا ٹکرائو نہیں ہے، حکومت عدلیہ کا پورا احترام کرتی ہے۔ ڈرون حملوں کے خلاف دھرنا دینے والوں کو نہیں روک سکتا لیکن دھرنوں سے ڈرون حملے نہیں رکیں گے اس کے لئے قومی اتفاق رائے پیدا کرنے کی ضرورت ہے جبکہ امریکہ کو بھی سمجھ لینا چاہئے کہ پاکستانی عوام ڈرون حملوں سے نفرت کرتے ہیں۔ ہم ان حملوں کو اپنی خودمختاری اور سلامتی کے خلاف سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا ہمیں صرف اپنے ملک کا مفاد عزیز ہے صرف بھارت ہی نہیں ہم چائنہ، ایران، ترکی اور بنگلہ دیش سمیت دیگر تمام ممالک سے تجارت کے خواہاں ہیں۔ ہمارے ملک میں ترقی یا تبدیلی رات و رات آنا ممکن نہیں اس لئے کہ یہاں کو ئی تیل کے کنوئیں نہیں پھوٹنے والے، ہمیں دیگر ممالک کو ساتھ لے کر چلنا ہے، انہوں نے کہا کہ عنقریب پاکستان ریلوے کا ایک وفد بھارت بھیجا جانا ہے، انہوں نے لاپتہ افراد کے حوالہ سے کہا کہ لاپتہ افراد ایک بڑا ایشو ہے غیر قانونی کام کی کسی صورت حمایت نہیں کرتے لوگوں کو اغوا کرنے والوں کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن