• news

’’انگوٹھوں کی تصدیق‘‘ نثار نے بیان دیکر اپنی حکومت کیخلاف اعتراف جرم کرلیا: خورشید شاہ

اسلام آباد (آئی این پی) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ چودھری نثار کی جانب سے 60/70 ہزار انگوٹھوں کی تصدیق نہ کروانے کا اعتراف اپنی حکومت کے خلاف اعتراف جرم ہے۔ منگل کو پارلیمنٹ ہائوس میں پیپلز پارٹی، اے این پی اور (ق) لیگ کی پارلیمانی پارٹیز اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا اجلاس میں تحفظ پاکستان آرڈیننس پر غور کیا گیا اور مزید غور کیلئے مخدوم مصطفی محمود، عذرا افضل پیچو، ایاز سومرو، نوید قمر، شازیہ مری اور علینہ اقبال پر مشتمل چھ رکنی کمیٹی بنائی گئی ہے۔ پارلیمانی پارٹی کے مشترکہ اجلاس میں وزیراعظم کی تقریر میں شہید ذوالفقار علی بھٹو پر تنقید کی شدید مذمت کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چودھری نثار کا خط انکے گھر سے نکلنے سے پہلے میڈیا کو مل جاتا ہے۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ چیئرمین نادرا کے حوالے سے جب بھی بلایا گیا اجلاس میں اپنی رائے دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ کا بیان حیرت انگیز ہے اگر ان 60/70 ہزار ووٹوں کی تصدیق نہیں ہوسکتی تو پاکستان میں جائیداد کی خریدوفروخت میں یہی سیاہی بیان حلفی پر استعمال کی جاتی ہے اسکی قانونی حیثیت کیا ہوگی۔

ای پیپر-دی نیشن