• news

پاکستان اور امریکہ کے تعلقات بہت بہتر ہوگئے: نائب وزیر

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ ثنا نیوز) دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ امریکی وزیر دفاع چک ہیگل کی وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات دوستانہ اور خوشگوار ماحول میں ہوئی۔ امریکی وزیر دفاع کو ڈرون حملوں پر پاکستان کی گہری تشویش سے آگاہ کیا گیا ان پر زور دیا گیا کہ ڈرون حملے دہشت گردی سے نمٹنے کی کوششوں کیلئے نقصان دہ ہیں۔ امریکی وزیر دفاع نے وزیراعظم کو یقین دلایا کہ پاکستان کے ساتھ تعاون پر منفی اثر نہیں پڑنے دیا جائے گا۔ چک ہیگل نے افغانستان کے زمینی سپلائی راستے کھلے رکھنے کی اہمیت کا معاملہ اٹھایا۔ انہوں نے وزیراعظم کا ان کی حکومت کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ ثنا نیوز کے مطابق دونوں طرف سے باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے کام کرنے پر اور خطے میں امن و استحکام کے لئے پاک امریکہ سٹریٹجک شراکت داری کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔اسلام آباد (جاوید صدیق) امریکی محکمہ خارجہ کے نائب وزیر برائے بنک ڈپلومیسی ڈلگس وانسٹز نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات بہت بہتر ہو گئے ہیں۔ ڈگلس وانسٹز نے جو جان کیری کے نائب بھی رہے ہیں‘ نوائے وقت سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جان کیری پاکستان سے دوستی کو بہت اہمیت دیتے ہیں اور انہوں نے کیری لوگر بل کی منظوری میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔ گذشتہ شام یہاں ایک سفارتی تقریب میں نوائے وقت سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے نائب وزیر نے کہا کہ توقع ہے کہ صدر اوباما پاکستان کا دورہ کریں گے۔ افغانستان سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کا افغانستان کے امن اور استحکام میں اہم کردار ہے۔ امریکی نائب وزیر نے کہا کہ پاکستان امریکہ کا ایک حلیف ملک ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کی بنیاد کو وسعت دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا یہ کہنا کہ پاکستان ’’ایڈ نہیں ٹریڈ‘‘ چاہتا ہے۔ ایک اچھا نعرہ ہے‘ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارت کے وسیع امکانات ہیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن