• news

پاکستان بھارت ایٹمی جنگ ہوئی تو 2 ارب افراد ہلاک ہو جائینگے: عالمی ادارہ

واشنگٹن(اے این این) بین الاقوامی ادارے  فیزیشن فار پریویشن آف نیوکلیئر وار  نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ ایٹمی جنگ سے 2ارب افراد ہلاک ہو سکتے ہیں۔دنیا  بھر میں قحط سالی پیدا ہو جائیگی۔نوبل انعام یافتہ انٹرنیشنل فیزیشن فار پریویشن آف نیوکلیئر وار کی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق بھارت اور پاکستان کے درمیان ایٹمی جنگ ہونے کی صورت میں عالمی سطح پر قحط پیدا ہو سکتا ہے اور ممکنہ طور پر دنیا سے تہذیب کا بھی خاتمہ ہو سکتا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایٹمی جنگ چاہے محدود پیمانے پر ہو، پھر بھی اس سے فضا میں موسمی تبدیلی پیدا ہونے کے ساتھ ساتھ زمین پر تباہ کن اثرات مرتب ہونگے۔ایٹمی جنگ سے دنیا کی سب سے زیادہ آبادی والے ملک چین میں خوراک کی شدید قلت ہو جائیگی۔ رپورٹ کے مطابق آج کے ایٹمی ہتھیار 1945ء میں امریکہ کے ہیروشیما اور ناگاساکی میں گرائے جانے والے ایٹمی بموں سے کہیں زیادہ طاقتور اور خطرناک ہیں جس میں 2لاکھ لوگ زندگی کی بازی ہار گئے تھے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اتنے پیمانے پر تباہی سے بچنے کا واحد طریقہ ایٹمی ہتھیاروں کی روک تھام اور ان ایٹمی ہتھیاروں کو مکمل طور پر تلف کرنا ہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن