• news

غیر قانونی الاٹمنٹ‘ ملازمین پرائیویٹ نمبر پلیٹس لگا کر سرکاری گاڑیاں استعمال کرنے لگے

غیر قانونی الاٹمنٹ‘ ملازمین پرائیویٹ نمبر پلیٹس لگا کر سرکاری گاڑیاں استعمال کرنے لگے

لاہور (چودھری اشرف)محکمہ لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈیپارٹمنٹ کے ملازمین نے سرکاری گاڑیوں پر پرائیویٹ نمبر پلیٹس لگا کر سرکاری گاڑیوں کا غیر قانونی استعمال کرنا شروع کر دیا جبکہ دوسری جانب محکمہ لائیو سٹاک کے معاون خصوصی رکن صوبائی اسمبلی ارشد جٹ نے اپنے منظور نظر افراد کو محکمے کی گاڑیوں کے لیے اخراجات نہ ملنے پر محکمے میں استعمال ہونیوالی گاڑیوںکی تعداد پٹرول کے بجٹ اور مرمت سمیت دیگر اخراجات کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔گزشتہ روز معاون خصوصی کی طرف سے مراسلہ جاری کیاگیاجس میں ڈائریکٹر بریڈ ایمپرومنٹ اور ڈائریکٹر پلاننگ ایلویشن سے محکمے کے زیر استعمال گاڑیوں کے بجٹ بارے تفصیلات مانگی گئی ہیں۔ معاون خصوصی لائیوسٹاک کے ساتھ کام کرنے والے ایس اینڈ جی اے ڈیکے گریڈ 9کے سینئرکلرک اعتزاز احمد جس کے استعمال میں ڈائریکٹر بریڈ ایمپرومنٹ کی کلٹس گاڑی ہے نے سرکاری نمبر پلیٹ کو تبدیل کرکے بلیک نمبر پلیٹ لگوا لی ہے تاکہ گاڑی سرکاری ظاہر نہ ہو سکے۔ ذارئع کے مطابق کیونکہ سینئرکلرک سرکاری طور پرگاڑی استعمال کرنے کا اہل نہیں ہے ۔ واضح رہے کہ ڈائریکٹر بریڈ ایمپرومنٹ کو الاٹ گاڑی معاون خصوصی کے حکم پر ہی اعتزاز احمدکو دی گئی ہے۔ یہ بھی واضح رہے کہ محکمہ لائیوسٹاک میںسرکاری گاڑیوںکے غلط استعمال پر محکمے نے وزیر اعلی پنجاب کے معاون خصوصی لائیو سٹاک ایم پی اے ارشد جٹ کو بلاجواز طور پر پٹرول کی فراہمی سے انکار کر دیا تھا۔ محکمے کو پی ایس او نے9لاکھ روپے کی عدم ادائیگی پر پٹرول کی فراہمی بندکردی ہے اور محکمے کے پاس پٹرول کی مد میں کوئی فنڈز موجود نہیں ہیں۔ معلوم ہواکہ صوبائی وزیرکے ساتھ ایس اینڈجی اے ڈی کے سینئرکلرک کے زیراستعمال گاڑی LEG-2872 ہے جو لائیوسٹاک کے ڈائریکٹر بریڈ ایمپرومنٹ کو الاٹ ہے لیکن گاڑی کا استعمال معاون خصوصی کا منظور نظر کلرک کررہا ہے اور محکمے سے ہردوسرے روز 50 لٹر پٹرول بھی حاصل کر رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق لائیوسٹاک کے گریڈ 17کے ڈاکٹر اشرف جو ارشد جٹ کے ساتھ بطور پرسنل سٹاف آفیسرکے طور پرکام کررہے ہیں۔ سرکاری جیپ پر قبضہ جمائے ہوئے ہیں جوان کوالاٹ نہیں ہے۔
سرکاری گاڑیاں

ای پیپر-دی نیشن