• news

پاکستان بھارت ایک دوسرے کی پرچھائیاں ہیں‘ مسئلہ کشمیر مذاکرات سے حل ہو گا : فضل الرحمن

پاکستان بھارت ایک دوسرے کی پرچھائیاں ہیں‘ مسئلہ کشمیر مذاکرات سے حل ہو گا : فضل الرحمن

لدھیانہ+لاہور (آئی این پی+خصوصی نامہ نگار) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ اور کشمیر کمیٹی کے چیئرمین مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر مذاکرات کے ذریعے حل ہو گا، پاکستان اور بھارت ایک دوسرے کی پرچھائیاں ہیں، دونوں ممالک کو ہتھیار اٹھانے کے بجائے بات چیت سے تعلقات مضبوط بنانا ہوں گے۔ وہ گذشتہ روز بھارتی شہر لدھیانہ کی جامع مسجد کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سیاسی اور حکومتی سطح پر تعلقات کو مضبوط بنانا ہو گا۔ مسئلہ کشمیر پر بات کرتے ہوئے جے یو آئی کے سربراہ نے کہا کہ دونوں ممالک نے اس مسئلے کو بات چیت سے حل کرنے کا عزم کیا ہے اور اب اس عزم کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچانا ہو گا۔ دریں اثناءمولانا فضل الرحمن نے بھارت کے شہر سرہند میں اپنے وفد کے ہمراہ امام ربانی حضرت مجدد الف ثانیؒ کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ وفد میں مولانا عبدالغفور حیدری، مولانا محمد امجد خان، مولانا محمد خان شیرانی، مولانا قمرالدین، مولانا گل نصیب خان، مولانا عطاءالرحمن، مولانا قاری حنیف جالندھری، مولانا زاہد الراشدی، مولانا ڈاکٹر خالد محمود سومرو، مولانا رشید احمد لدھیانوی، مولانا اللہ وسایا، مولانا محمود میاں اور دیگر شریک تھے۔ مرکزی میڈیا سیل کے مطابق مولانا فضل الرحمن نے بعدازاں حضرت خواجہ محمد معصومؒ کے مزار پر بھی حاضری دی۔
فضل الرحمن

ای پیپر-دی نیشن