امریکہ نے امداد بند کی تو شکر کرونگا‘ گلہ ہے افتخار چودھری نے دھاندلی کا نوٹس نہیں لیا : عمران
امریکہ نے امداد بند کی تو شکر کرونگا‘ گلہ ہے افتخار چودھری نے دھاندلی کا نوٹس نہیں لیا : عمران
اسلام آباد (وقت نیوز) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا ہے ڈرون حملے رکنے تک نیٹو سپلائی بند رہے گی۔ گیارہ مئی کے الیکشن مشکوک ہو گئے اس لئے کارکنوں کو جون 2014 میں الیکشن کیلئے تیار رہنے کی ہدایت کی۔ وقت نیوز کے پروگرام ایٹ پی ایم ود فریحہ ادریس میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا افتخار چودھری نے ہر چھوٹے ایشو کا نوٹس لیا لیکن انہوں نے ہمارے الیکشن کے حوالے سے دھاندلی کے الزامات کا نوٹس نہیں لیا جس کا گلہ ہے۔ افتخار چودھری کو لاکھوں افراد کے سڑکوں پر آنے کا نوٹس لینا چاہئے تھا۔ انہوں نے کہا چودھری نثار نے ٹھیک کہا ہے کہ 272 حلقوں میں ووٹوں کی تصدیق ہونی چاہئے لیکن ہم کہتے ہیں پہلے چار حلقوں کی تصدیق تو کر لیں۔ ہر حلقے میں ہزاروں ووٹ جعلی ہونے کا ذمہ دار کون ہے جب تک پچاس پچاس جعلی ووٹ ڈالنے والوں کو سزا نہیں ملے گی تب تک الیکشن شفاف نہیں ہوں گے۔ حمود الرحمان کمشن کی رپورٹ سامنے آتی تو بار بار مارشل لا نہ لگتا۔ انہوں نے کہا بائیس دسمبر کو مہنگائی کے خلاف مظاہرہ کریں گے۔ دسمبر میں میرے گھر بجلی کا بل دوگنا آیا ہے اور یہ جگا ٹیکس ہے۔ ریاست عوام کا خون چوس رہی ہے اور ہم بھی عوام کے ساتھ کھڑے نہ ہوں گے تو کون ہو گا۔ انہوں نے کہا مولانا فضل الرحمان کو ہمارے کسی حلقے میں دھاندلی کا شبہ ہے تو میں دعوت دیتا ہوں وہ حلقہ بتائیں اور ہم خود وہاں ووٹوں کی تصدیق کرائیں گے۔ انہوں نے کہا گیارہ مئی کے الیکشن میں چیف الیکشن کمشنر تو غیر جانبدار تھے لیکن صوبائی الیکشن کمشن میں جانبدار لوگ تھے جنہوں نے اپنے اپنے لوگوں کی حمایت کی۔ انہوں نے کہا نیٹو سپلائی کی بندش پاکستان کی تاریخ کا فیصلہ کن موڑ ہے۔ اب ہمیں یہ طے کرنا ہو گا ہم نے غلامی کی زندگی گزارنی ہے یا خودمختار ملک بننا ہے۔ نیٹو سپلائی کسی صورت نہیں کھولیں گے اور اس حوالے سے کسی کو غلط فہمی میں نہیں رہنا چاہئے۔ امریکی وزیر دفاع چک ہیگل پاکستان آ کر اپنے غلاموں کو کہتے ہیں غلامی نہ کی تو امداد روک یں گے۔ کیا ایسی دھمکیوں کے لئے ہم نے ملک بنایا تھا۔ جس دن امریکہ نے ہماری امداد بند کی اس دن اللہ کا شکر ادا کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ یورپی سفیروں نے مجھ سے کہا وہ ہمیں پیسے دیتے ہیں تو میں نے جواب دیا کیا آپ پیسوں کے عوض ہمیں اپنے ملک میں ڈرون حملوں کی اجازت دیں گے۔ میں چند دن پہلے بھارت گیا تو راہول گاندھی نے کہا ہم سوچ بھی نہیں سکتے ہمارے ملک میں کوئی دوسرا آ کر ڈرون حملہ کرے گا۔ ہم یہ بھی تصور نہیں کر سکتے علیحدگی کی تحریکوں کے باوجود اپنے لوگوں کے خلاف بم باری کریں۔