ہائیکورٹ نے حکومت کو ٹرینی ڈاکٹروں کے سلیکشن معاہدے ختم کرنے سے روک دیا
ہائیکورٹ نے حکومت کو ٹرینی ڈاکٹروں کے سلیکشن معاہدے ختم کرنے سے روک دیا
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس محمد خالد محمود خان نے 2 ہزار میڈیکل افسروں کی طرف سے دائر رٹ درخواست میں عبوری حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے حکومت پنجاب کو پوسٹ گریجوایٹ ٹرینی ڈاکٹروں کے سلیکشن معاہدے ختم کرنے سے روک دیا ہے جبکہ اس سلسلے میں حکومت سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 20 دسمبر تک ملتوی کر دی۔ درخواست گذاروں کی طرف سے نوشاب اے خان ایڈووکیٹ نے فاضل عدالت کے روبرو دلائل دیتے ہوئے کہا کہ رواں سال 2 ہزار میڈیکل افسروں کا پنجاب پبلک کمشن کے ذریعے انتخاب کیا گیا۔ منتخب ہونے والے میڈیکل افسروں میں 90 فیصد پوسٹ گریجوایٹ ٹرینی تھے۔ جب سروس جوائننگ کا وقت آیا تو حکومت پنجاب نے ان میڈیکل افسروں کی جاب کو ایک حلف نامے سے مشروط کر دیا جس میں کہا گیا کہ وہ کسی غیر ملکی سے شادی شدہ نہ ہوں اور وہ پوسٹ گریجوایٹ ٹریننگ بھی نہیں کر سکتے۔ فاضل عدالت نے حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے حکومت پنجاب سے جواب طلب کر لیا ہے۔