سرتاج عزیز، طارق فاطمی میں ورکنگ ریلیشن شپ کی کمی، اہم تعیناتیاں تاخیر کا شکار
سرتاج عزیز، طارق فاطمی میں ورکنگ ریلیشن شپ کی کمی، اہم تعیناتیاں تاخیر کا شکار
اسلام آباد (ثناءنیوز) وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز اور معاون خصوصی برائے امور خارجہ طارق فاطمی کے درمیان ورکنگ ریلیشن شپ کی کمی اور معمولی اختلافات، حکومت تاحال اہم ممالک کے سفیروں اور سیکرٹری خارجہ کی تعیناتی کا فیصلہ نہ کر سکی۔ ذرائع کے مطابق سیکرٹری خارجہ کی ذمہ داریاں جرمنی میں پاکستانی سفیر عبدالباسط کو دیئے جانے کا فیصلہ ہوا تھا تاہم عبدالباسط بھارت میں ہائی کمشنر کے طور پر کام کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ دوسری طرف ابن عباس کو بھارت میں ہائی کمشنر تعینات کرنے کی خبروں کے بعد ابھی تک ان کی باقاعدہ تعیناتی نہیں ہو سکی جس کی وجہ جرمنی میں پاکستانی سفیر عبدالباسط کی بھارت میں ہائی کمشنر بننے میں دلچسپی بتائی جاتی ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت برطانیہ میں بھی تاحال کسی کو ہائی کمشنر تعینات نہیں کر سکی ہے۔ بعض ذرائع کے مطابق اب عبدالباسط کا نام برطانیہ میں ہائی کمشنر تعینات کئے جانے کا امکان ہے۔سابق ترجمان دفتر خارجہ اعزاز احمد چودھری کا نام ان دنوں سیکرٹری خارجہ کے طور پر سامنے آ رہا ہے جبکہ ان کی جگہ پر دفتر خارجہ کی ترجمانی کی ذمہ داری سینئر سفارتکار تسنیم اسلم کو دے دی گئی ہے۔ تسنیم اسلم 2005ءسے 2007ءتک دفتر خارجہ کی ترجمان اور اٹلی، مراکش میں پاکستانی سفیر کے طور پر کام کر چکی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی ذمہ داری تسنیم اسلم کو دیئے جانے کے بعد اعزاز احمد چودھری کو سیکرٹری خارجہ تعینات ہونے کی صورت حال واضح ہو چکی ہے۔
تعیناتیاں