پی کے90 چترال کے 7 پولنگ سٹیشنوں پر دوبارہ انتخابات کرانے کا حکم
پی کے90 چترال کے 7 پولنگ سٹیشنوں پر دوبارہ انتخابات کرانے کا حکم
پشاور+ چترال (نوائے وقت نیوز+ این این آئی) الیکشن ٹربیونل نے خیبر پی کے اسمبلی کے حلقہ پی کے 90 چترال کے سات پولنگ سٹیشنوں پر دوبارہ انتخابات کا حکم دیا ہے۔اس حلقے سے کامیاب ہونے والے آل پاکستان مسلم لیگ کے امیدوار غلام محمد کے خلاف پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار سردار حسین کی انتخابی عذرداری الیکشن ٹربیونل نے منظور کرلی۔ الیکشن ٹربیونل کے جج ضیاءالدین خٹک نے حلقہ پی کے 90 چترال ٹو سے آل پاکستان مسلم لیگ کے منتخب رکن غلام محمد کے خلاف پیپلزپارٹی کے امیدوار سردار حسین کی انتخابی عذر داری کا فیصلہ سنادیا۔ ٹربیونل نے غلام محمد کی کامیابی کا اعلامیہ منسوخ کرتے ہوئے ان سات پولنگ سٹیشنوں پر دوبارہ انتخابات کا حکم دیا۔ جہاں دھاندلی کے الزامات لگائے گئے تھے، جن سات پولنگ سٹیشنوں پر دوبارہ پولنگ کا حکم دیا گیا اس کیلئے پولنگ کے شیڈول کا اعلان الیکشن کمشن کرے گا۔ علاوہ ازیں الیکشن ٹربیونل نے آل پاکستان مسلم لیگ کے رکن قومی اسمبلی غلام محمد کی رکنیت معطل کر دی۔ عدالت نے انکوائری کمشن مقرر کیا جس نے اپنی رپورٹ میں بتایاکہ چترال کے حلقہ 90 کے سات پولنگ سٹیشنوں کے انتخابی نتائج غائب تھے جس پر احکامات دئے۔
دوبارہ انتخابات