• news
  • image

کراچی : بم حملہ‘ فائرنگ‘ رینجرز‘ سی آئی سی اہلکار سمیت سات افراد جاں بحق‘ بارہ زخمی

کراچی : بم حملہ‘ فائرنگ‘ رینجرز‘ سی آئی سی اہلکار سمیت سات افراد جاں بحق‘ بارہ زخمی

کراچی (کرائم رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) کراچی کے علاقے لانڈھی 89 میں رینجرز کے ٹرک پر موٹر سائیکل بم کا حملہ، ایک رینجرز اہلکار جاں بحق اور 7 اہلکار زخمی ہو گئے۔ دھماکے سے ٹرک کے علاوہ تین مکانات، چھ دکانوں اور ایک بس کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ سرچ آپریشن میں ایک درجن سے زائد مشتبہ افراد کو پوچھ گچھ کے لئے حراست میں لے لیا۔ ساڑھے چار کلو گرام دھماکہ خیز مواد نصب کیا گیا تھا۔ بم ڈسپوزل سکواڈ کے مطابق دھماکہ ریموٹ کنٹرول کے ذریعے کیا گیا۔ رینجرز اہلکار شہزور ٹرک میں قائد آباد کی طرف جا رہے تھے ٹرک کا اگلا حصہ تباہ ہو گیا۔8 اہلکار شدید زخمی ہوئے جنہیں جناح ہسپتال پہنچایا گیا جہاں سپاہی پاندھی خان نے دم توڑ دیا جبکہ دیگر زخمیوں میں انور، مقبول، پنوں خان، شاہنواز، گل امین، حماد اور امجد شامل ہیں۔ دھماکے میں 8 شہری بھی زخمی ہوئے۔ ڈائریکٹر جنرل رینجرز میجر جنرل رضوان اختر نے کہا ہے کہ لانڈھی میں رینجرز پر ہونے والابم حملہ آپریشن کا ردعمل ہے۔کراچی میں کسی صورت آپریشن نہیں روکا جائے گا۔ علاوہ ازیں ٹارگٹڈ آپریشن کے باوجود بدامنی کا تسلسل جاری ہے، فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں سی آئی ڈی پولیس اہلکار سمیت 6 افراد کو قتل کردیا گیا جبکہ 5 افراد زخمی ہو گئے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے عدالت سے فرار ہونے والے اشتہاری سمیت 70 سے زائد ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ منگھو پیر میں ٹرک چھیننے والے ملزمان نے تعاقب کرنے پر ہیڈ کانسٹیبل حنیف کو کچل کر ہلاک کر دیا۔ اورنگی ٹاون میں ہوٹل پر فائرنگ سے زخمی ہونے والا شخص دوران علاج چل بسا۔ لیاری سے ایک نامعلوم شخص کی لاش ملی۔ رات گئے ڈاکس میں فائرنگ سے زخمی ہونے والا شخص بھی انتقال کرگیا۔کٹی پہاڑی کے علاقہ میں پولیس اہلکار اقبال خانزادہ کو گولی مار دی گئی چاکیواڑہ میں کاشف کو قتل کر دیا گیا۔ دریں اثنا کراچی میں سڑیٹ کرائمز کی روک تھام کےلئے نئی فورس قائم کی جا رہی ہے۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی شاہد حیات کے مطابق نئی فورس کے قیام کا فیصلہ سٹریٹ کرائمز کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر قابو پانے کیلئے کیا گیا ہے۔ شاہد حیات کا کہنا ہے کہ شرپسند عناصر شہر میں فرقہ وارانہ فساد کرانا چاہتے ہیں، علما کے قتل میں تیسری قوت ملوث ہے، علاوہ ازیں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے کالعدم تحریک طالبان کے مبینہ کمانڈر رشید خان اور دلاور خان کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔ ملزموں پر بھتہ خوری کا الزام تھا پولیس ثابت نہیں کر سکی۔ عدالت نے 5,5 لاکھ روپے کی ضمانت پر ملزمان کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔ کراچی میں 5 ستمبر سے جاری آپریشن میں اب تک 6 ہزار جرائم پیشہ افراد پکڑے گئے۔
کراچی حملہ/قتل

epaper

ای پیپر-دی نیشن