فیصل آباد: بلدیاتی کنونشن میں کارکن منظور وٹو پر برس پڑے، گھیر کر نعرے بازی
فیصل آباد: بلدیاتی کنونشن میں کارکن منظور وٹو پر برس پڑے، گھیر کر نعرے بازی
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) پیپلزپارٹی کے فیصل آباد میں بلدیاتی کنونشن کے دوران ناراض کارکن پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر منظور وٹو پر برس پڑے۔ سٹیج سے اترتے ہی کارکنوں نے پارٹی کی پنجاب کی قیادت کے خلاف شدید نعرے بازی شروع کر دی اور منظور وٹو کو گھیرے میں لے کر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سوالات کی بوچھاڑ شروع کر دی اور کہا کہ وٹو صاحب جب پیپلزپارٹی پانچ سال تک اقتدار نشین رہی تب آپ کہاں تھے؟ منظر سے غائب کیوں رہے اور اب ہمارے پاس کس طرح آئے ہیں۔ انہوں نے منظور وٹو اور پیپلزپارٹی کو ورکر دشمن ہونے کا طعنہ دیتے ہوئے شدید نعرے بازی کی۔ اس دوران کنونشن میں کارکن دو گروپوں میں تقسیم ہو گئے اور ایک دوسرے کے خلاف نعرہ بازی کرتے رہے۔ ناراض کارکنوں نے الزام عائد کیا کہ منظور وٹو سمیت پارٹی کی اعلیٰ قیادت پارٹی عہدوں کی تقسیم کارکردگی اور قربانی کی بجائے مفادات کی بنیاد پر بندربانٹ کے طور پر تقسیم کر رہے ہیں۔ علاوہ ازیں پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق قائد حزب اختلاف راجہ ریاض احمد کے ڈیرے پر منعقدہ بلدیاتی الیکشن کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے منظور وٹو نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے اور موجودہ حکومت کو بڑی ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ پیپلزپارٹی پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے دوران میدان ماریں گے۔ موجودہ حکومت کے دور میں مہنگائی اس قدر بڑھ گئی ہے کہ ہم ان پر انڈے اور ٹماٹر بھی نہیں برسا سکتے لیکن بلدیاتی انتخابات میں بھاری مارجن سے کامیابی حاصل کر کے (ن) لیگ کی ناکامی اور عوام دشمن پالیسیوں کا بھانڈا پھوڑ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے آٹھ ماہ کے دور حکومت کے دوران ہی عوام ان سے اکتا گئے ہیں۔ مہنگائی اس قدر بڑھ گئی ہے کہ غریب انسان کا چولہا ٹھنڈا ہو کر رہ گیا ہے۔ عوام دشمن پالیسیوں اور ناقص منصوبہ بندی نے موجودہ حکومت کی کارکردگی کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ آنے والے بلدیاتی الیکشن میں عوام پاکستان پیپلزپارٹی کو بھاری فرق سے کامیاب بنا کر یہ ثابت کر دیں گے کہ عوام موجودہ حکومت سے اکتا گئے ہیں۔ اس موقع پر جڑانوالہ کے عمار رائے اور اسد کڑیال نے پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان کر دیا۔
منظور وٹو پر برس پڑے