کراچی اسٹاک ایکس چینج میں تیزی ، کے ایس ای 100انڈیکس 25000کی تاریخی نفسیاتی حد عبور کرگیا
کراچی+ لاہور (مارکیٹ رپورٹر+ کامرس رپورٹر) کراچی اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے چوتھے روزجمعرات کو تیزی رہی اورکے ایس ای 100انڈیکس کی25000کی تاریخی نفسیاتی حد بھی بالآخر عبور کرگیا۔ سرمایہ کاری مالیت میں 10 ارب27 کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ ، کاروباری حجم گزشتہ روز کی نسبت15.50فیصد زائد جبکہ63.61 فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔فروخت کے دباؤ ،پرافٹ ٹیکنگ کے باعث کاروبار کا آغاز منفی زون میں ہوا ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای 100انڈیکس 24917پوائنٹس کی سطح پر بھی دیکھا گیا تاہم بعد ازاں حکومتی مالیاتی اداروں ،مقامی بروکریج ہاؤسز سمیت غیر ملکی سرمایہ کاروں اور فنانشل انسٹی ٹیوشنز کی جانب سے ٹیلی کام ،توانائی اور بینکنگ سیکٹر میں خریداری کے باعث مارکیٹ میں سرمایہ کاری آئی جس کے نتیجے میں مندی کے اثرات زائل ہوگئے اور کے ایس ای 100انڈیکس 25000کی تاریخی نفسیاتی حد بھی عبور کرگیا اور ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای 100انڈیکس 25103پوائنٹس کی سطح پر بھی ریکارڈ کیا گیا تاہم اتار چڑھاؤ کا سلسلہ سارا دن جاری رہا۔ مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس 99.10 پوائنٹس اضافے سے 25072.00 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر بند ہوا۔ مجموعی طور پر 382 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا ، جن میں 243 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں اضافہ 109 میں کمی جبکہ 30 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا ۔ سرمایہ کاری مالیت میں 10ارب 27 کروڑ 56 لاکھ64 ہزار 419 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت بڑھ کر60 کھرب41ارب82 کروڑ 37 لاکھ 56 ہزار 210 روپے ہوگئی ۔ لاہور سٹاک ایکسچینج میں جمعرات کے روزتیزی کا رجحان رہا - مجموعی طور پر 115 کمپنیوں کا کاروبار ہوا۔ 35کمپنیوں کے حصص میں اضافہ۔ 12 کمپنیوں کے حصص میں کمی جبکہ 68 کمپنیوں کے حصص میں استحکام رہا۔ ایل ایس ای 25انڈیکس 28.92پوائنٹس کے اضافہ کے ساتھ 4714.61 پر بند ہوا۔ مارکیٹ میں کل 12لاکھ 90ہزار 300حصص کا کاروبار ہو ا۔ جبکہ گزشتہ روز 17لاکھ 58 ہزار 800حصص کا لین دین ہوا تھا۔ مارکیٹ میں جن کمپنیوں کے سودے سرفہرست رہے ا ن میں پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی لمیٹڈ کے 2 لاکھ 99 ہزار حصص۔ فوجی سیمنٹ کمپنی لمیٹڈ کے 1 لاکھ 88 ہزار 500 حِصص۔ جبکہ لفارج پاکستان سیمنٹ لمیٹڈ کے1 لاکھ65 ہزار حِصص فروخت ہوئے۔ سب سے زیاد ہ اضافہ ماری پٹرولیئم کمپنی لمیٹڈ کے حصص میں ہوا جس کی قیمت11.12 روپے بڑھ گئی۔ سب سے زیادہ کمی پاکستان سٹیٹ آئل کمپنی لمیٹڈ کے حصص میں ہوئی جس کی قیمت3.70روپے کم ہو گئی۔