• news

انتظامیہ کا مال روڈ پر جلوس کی اجازت سے انکار، ہر صورت نکالیں گے: تحریک انصاف

لاہور (خصوصی رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کی 22دسمبر کی احتجاجی ریلی مال روڈ پر نکالنے کے لئے ڈسٹرکٹ کوارڈی نیشن افسر ڈی سی او کو دی گئی درخواست پر تحریک انصاف کو بتایا گیا ہے کہ مال روڈ پر دفعہ 144 کے تحت جلوس نہیں نکالا جا سکتا تھا جبکہ تحریک انصاف کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دیگر جماعتوں پر اگر کوئی پابندی نہیں تو پھر ہماری جماعت کی ریلی پر پابندی کس طرح لگائی جا سکتی ہے۔ تحریک انصاف لاہور کے سیکرٹری اطلاعات فرخ جاوید مون نے کہا ہے کہ دفعہ 144کے باوجود تحریک انصاف ناصر باغ میں جلسہ بھی کرے گی اور مال روڈ پر جلوس بھی نکالے گی۔ انہوں نے بتایا کہ احتجاج کو کامیاب بنانے کے لئے تیاریاں جاری ہیں اس سلسلے میں تحریک انصاف کی 6کمیٹیاں کام کر رہی ہیں۔ اس سلسلے میں ڈی سی او آفس راطہ قائم کیا گیا تو ان کی جانب سے اس بارے میں واضح جواب دینے سے گریز کیا گیا۔ دریں اثناء تحریک انصاف کے سینئر رہنما میاں محمود الرشید نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن کی قیادت نے ملک کو ’’اتفاق فائونڈری‘‘ سمجھ رکھا ہے، فیصلے ملک اور قوم کے مفاد کی بجائے ذاتی مفادات کو سامنے رکھ کر کیے جا رہے ہیں، حکومت نے تحریک انصاف کے 22دسمبر کے احتجاج میں رکاوٹ ڈالی تو حالات کی ذمہ دار خود ہو گی۔ انہوں نے کہا حکومت سی این جی سٹیشنز اور پاور سیکٹر کو فروری تک گیس کی بندش کا فیصلہ فوری واپس لیں، بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے عبدالقادر ملا کو پھانسی وہاں کی حکومت کا ظالمانہ اقدام ہے، پاکستان کو اس معاملے کو اقوام متحدہ میں لے جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہر صورت 22 دسمبر کو لاہور میں مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف احتجاج اور ریلی نکالیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن