• news

صوابی خیبر ایجنسی : پولیو ٹیموں پر حملے ‘2 پولیس اہلکاروں سمیت 3 جاں بحق ‘ مہم معطل

صوابی (بی بی سی + نوائے وقت نیوز) خیبر ایجنسی اور صوبہ خیبر پی کے کے ضلع صوابی میں انسداد پولیو ٹیم اور ان کی حفاظت پر مامور پولیس ٹیم پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک کارکن اور دو پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے۔ خیبر ایجنسی کی مقامی انتظامیہ نے بتایا کہ جمرود کے قریب زڑہ غونڈے میں نامعلوم افراد نے انسداد پولیو ٹیم کے اہلکار کو گھر کے قریب حجرے میں فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔ انتظامیہ کے مطابق محمد یوسف مہم سے فارغ ہونے کے بعد گھر واپس پہنچے تو انہیں نشانہ بنایا گیا۔ اس سے قبل صوابی میں ٹوپی روڈ پر پولیس اہلکار اس وقت فائرنگ کی زد میں آئے جب وہ انسداد پولیو کی ٹیم کو سکیورٹی مہیا کرنے کے لئے جارہے تھے۔ فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار ہلاک جبکہ دوسرا زخمی ہوا جو زخموںکی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال میںچل بسا۔ محکمہ صحت نے کہا کہ خیبر  ایجنسی میں انسداد پولیو مہم غیر معینہ مدت کے لئے معطل کردی گئی۔ ورکرز نے انسداد پولیو مہم میں شرکت سے انکار کردیا۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پولیو قطرے پلانے والی ٹیموں اور ان کے محافظ دستوں پر جاری حملوںکی شدید مذمت کی ہے۔ علاوہ ازیں شبقدر کے علاقے ارنڈہ میں پولیس چوکی پر شدت پسندوں نے حملہ کردیا۔ پولیس کے مطابق پولیس کی جوابی فائرنگ ے حملہ آور فرار ہوگئے۔ واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

ای پیپر-دی نیشن