• news

جونیئر ورلڈ کپ قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کا اصل ذمہ دار کون؟

محمد معین
پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم ان دنوں بھارت کے دورہ پر ہے جہاں وہ یوتھ کے 10 ویں عالمی کپ ٹورنامنٹ میں ملک کی نمائندگی کر رہی ہے۔ قومی ٹیم ٹائٹل کی دوڑ سے پہلے مرحلے میں ہی آوٹ ہو گئی تھی آج روایتی حریف بھارت کے ساتھ نویں اور دسویں پوزیشن کے لیے میدان میں اترے گی۔ پاکستان ہاکی ٹیم نے قوم کی تمام امنگوں پر پانی پھیر دیا جو اس سے لگائی گئی تھیں۔ پاکستان ٹیم کی ناقص کارکردگی کی ذمہ داری کس پر عائد ہوگی اس بات کا فیصلہ کرنا کوئی مشکل نہیں ہے کیونکہ پاکستان ٹیم کے موجودہ کھلاڑی گذشتہ تین چار سال سے ایک ہی ٹیم مینجمنٹ کے زیر نگرانی تربیت حاصل کر رہے تھے تاہم جونیئر کھلاڑیوں کو بار بار سینئرز میں کھلا کر ان کا دماغ ہی خراب کر دیا گیا ہے۔ پاکستان جونیئر ٹیم کے ہیڈ کوچ منظور الحسن کو کسی طور پر مورد الزام نہیں ٹھہرایا جا سکتا ہے کیونکہ انہوں نے تقریباً تین ماہ قبل ٹیم کی ذمہ داری قبول کی ہے تاہم ٹیم کے معاون کوچ دانش کلیم اور انجم سعید تین چار سال سے کھلاڑیوں کی تربیت کر رہے ہیں۔ ٹورنامنٹ کے اختتام پر ٹیم مینجمنٹ شکست کی کیا وجوہات بیان کرتی ہے اس بات کا انتظار کرنا ہوگا۔ جونیئر ٹیم کی ناقص ترین کارکردگی نے پاکستان ہاکی کے مستقبل پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے کیونکہ یہی وہ جونیئر کھلاڑی ہیں جنہوں نے اس ٹورنامنٹ کے بعد سینئر ٹیم کا حصہ بن جانا ہے جو جونیئر کھلاڑی اپنی ٹیم میں اچھا کھیل نہیں سکے ہیں وہ سینئر میں کیا کارکردگی دکھائیں گے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن میں عہدوں کی تبدیلی ہو چکی ہے اب جونیئر اور سینئر ٹیم کی مینجمنٹوں میں بھی تبدیلیاں رونما ہونگی تاہم اس سلسلہ میں فیڈریشن کو پسند اور نا پسند کی سوچ سے باہر نکل کر فیصلے کرنا ہونگے۔ جونیئر ٹیم نے جتنا مایوس کیا ہے کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ آفیشلز کا بھی احتساب ہونا ضروری ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ہونے والے انتخابات بھی اس شکست کی ایک وجہ ہے کیونکہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے حکام کی تمام توجہ اقتدار حاصل کرنے میں لگی ہوئی تھی اسی طرح ٹیم مینجمنٹ بھی مصروف تھی اس سے قبل سینئر ٹیم بھی ورلڈ کپ سے ہو گئی اس وقت فیڈریشن کے حکام پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن پر قبضہ کرنے میں سرگرم تھے۔ ایسے میں توقع کرنا کہ پاکستان ٹیم کسی اچھے نتیجہ پر پہنچ سکے گی صرف ایک دیوانے کا خواب ہی ہو سکتا ہے۔
٭....٭....٭....٭
شیخوپورہ باڈی بلڈنگ چیمپیئن شپ
شیخوپورہ میں باڈی بلڈنگ چیمپیئن شپ میں عثمان غنی نے ماسٹر کلاس میں پہلی پوزیشن حاصل کر کے مسٹر شیخوپورہ 2013ءکا ٹائٹل جیت لیا۔ بلدیہ ہال میں منعقد ہونے والی باڈی بلڈنگ چیمپیئن شپ میں ضلع بھر سے 45 تن سازوں نے پانچ مختلف کیٹگریز میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ احمد دانیال نچے مسٹر جونیئر شیخوپورہ کا اعزاز اپنے نام کیا۔ چیمپیئن شپ میں نیوسٹار جم اور کونان جم کے تن سازوں میں زبردست مقابلہ ہوا۔ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی امجد نذیر بٹ اور امجد لطیف نے تن سازوں میں انعامات تقسیم کیے۔
٭....٭....٭....٭
 کاسمو پو لیٹن کلب با غ جناح میں لا ن ٹینس چیمپئن شپ 2013 ئ
 کاسمو پولیٹن کلب باغ جناح لاہور میں ڈبل ٹینس ٹورنامنٹ 2013 منعقد ہوا جو انیل عباس اور ثاقب سعید نے جیت لیا ۔ یہ مقابلے کلب کے گراس کورٹ پر ہوئے جس سے شا ئقین کی بڑی تعداد لطف اندوز ہوئی ۔ فائنل مقابلہ انیل عباس‘ ثاقب سعید اور عبدالسمیع بٹ و حمو دالرحمن اعوان کے درمیان کھیلا گیا جو انیل عباس اور ثاقب سعید نے بڑی محنت کے بعد جیت لیا۔ دونو ں کھلاڑیوں نے خوبصورت کھیل پیش کیا اور کئی اچھی شارٹس کھیلیں۔ تقریب کے مہمان خصوصی معروف صنعت کار اور بزنس مین طا رق بٹ تھے جنہوں نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر کاسموپولیٹن کلب کے سیکر ٹری خواجہ محمد ریاض‘ جائنٹ سیکرٹری ڈاکٹر محمد انعام اور کلب کے کئی اراکین نے شرکت کی۔ سیمی فائنل مقابلے عبدالسمیع بٹ‘ حمودالرحمن اعوان اور محمد صدیق ورک ‘ شہریار اصغر مرزا کے درمیا ن ہوا دوسرا سیمی فائنل ‘ شاذب سعید ‘ محمد شاہد اور ثاقب سعید ‘ انیل عباس کے درمیان کھیلا گیا۔ سیمی فائنل جیتنے والی دونوں ٹیموں کے درمیان فائنل مقابلہ کھیلاگیا جو انیل عباس و ثاقب سعید کی ٹیم نے جیت لیا ۔کاسموپو لیٹن کلب کے چیف کو چ چوہدری سکندر حیات اور ان کے صاحبزادے چوہدری عثمان نے ریفری کے فرائض انجا م دیئے ۔

ای پیپر-دی نیشن