سب متفق ہیں افتخار چودھری نے عدلیہ کو مستحکم بنایا، جوڈیشل ایکٹو ازم پر تنقید ہوتی رہی، امریکی اخبارات
نیویارک (نمائندہ خصوصی) سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی عدلیہ کیلئے خدمات کو امریکی اخباروں نے ملے جلے انداز میں شائع کیا۔ جسٹس (ر) افتخار محمد چودھری کی کارکردگی کو تمام اخباروں نے مجموعی طور پر عدلیہ کی مضبوطی قرار دیا۔ امریکی اخباروں کی رپورٹ کے مطابق جسٹس (ر) افتخار محمد چودھری نے اپنے ہنگامہ خیز دور ملازمت میں عدلیہ کو مستحکم و مضبوط بنایا۔ نیویارک ٹائمز کے مطابق پاک فوج کے سابق سربراہ جنرل (ر) پرویز مشرف نے افتخار محمد چودھری کو معطل کر کے عدلیہ کی آزادی پر شب خون مارا اور جسٹس (ر) افتخار محمد چودھری کو لوگوں کے ذہنوں پر ہمیشہ کیلئے نقش کر دیا۔ نیویارک ٹائمز یہ بھی لکھتا ہے افتخار محمد چودھری کے مخالف ان پر تنقید کرتے ہیں انہوں نے ماتحت عدالتوں میں کرپشن کے خاتمے کیلئے اقدامات نہیں کئے۔ لاس اینجلس ٹائمز نے لکھا ہے افتخار محمد چودھری نے عدلیہ کو مضبوط بنانے کیلئے سیاستدانوں اور بیوروکریسی کیخلاف فیصلے کئے۔ اخبار لکھتا ہے جسٹس (ر) افتخار محمد چودھری نے منتخب وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کیخلاف فیصلہ دیکر انہیں گھر بھیجا۔ دی لاء ٹائمز نے لکھا ہے جسٹس (ر) افتخار محمد چودھری نے ازخود نوٹس کے اختیارات کا استعمال کیا اور بے شمار کیس کھولے۔ واشنگٹن پوسٹ کے مطابق افتخار محمد چودھری کے مخالف انکے جوڈیشل ایکٹوزم پر تنقید کرتے ہیں۔