سری لنکا کے خلاف سیریز ٹف ہو گی‘ اچھے نتائج دینگے: مصباح الحق
لاہور (نیوز ایجنسیاں) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہاہے کہ ’’ڈیو فیکٹر‘‘ کرکٹ میچز کے نتائج پر اثر انداز ہو رہا ہے، 20 رنز کم ہوتے تو پاکستان دوسرا ٹی 20 جیت سکتا تھا‘ نئے کھلاڑیوں کو ٹی20 میں چانس دینے کی پالیسی پر گامزن ہیں‘ بہتر نتائج سامنے آ رہے ہیں‘ سری لنکا کی ٹیم کسی بھی وقت کم بیک کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، قومی ٹیم کی حالیہ پرفارمنس سے اچھے مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔ سری لنکا کے ساتھ سیریز کھیلنے کیلئے متحدہ عرب امارات روانگی سے قبل لاہور ائرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصباح الحق نے کہا کہ نئے کھلاڑیوں کو ٹی 20 میں چانس دینے کی پالیسی پر گامزن ہیں جس کے بہتر نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ ٹیم نے پورا سال پریشر میں گزارا، تاہم کارکردگی مزید بہتر بنانے کی کوشش کریں گے۔ سری لنکا کی ٹیم کسی بھی وقت کم بیک کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، قومی ٹیم کی حالیہ پرفارمنس سے اچھے مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔کرکٹ بورڈ کی جانب سے نوجوان کھلاڑیوں کو مختصر فارمیٹ کی کرکٹ میں موقع فراہم کرنا خوش آئند ہے، جو کھلاڑی اس فارمیٹ میں اچھی پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہیں تو پھر انہیں ایک روزہ اور ٹیسٹ میچوں میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ سری لنکا کی ٹیم ہمیشہ ایک سخت حریف ثابت ہوئی ہے جوکبھی بھی مخالف ٹیم کے خلاف کم بیک کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے تاہم ٹیم سری لنکا کیخلاف بہتر کارکردگی دکھانے کی بھرپور کوشش کرے گی۔ پرانے کھلاڑی اچھا پرفارم کر رہے ہیں تو انہیں ضرور کھلانا چاہیے کیونکہ سینئرز اور جونیئرز کے کمبی نیشن سے نوجوان کھلاڑیوں کو سیکھنے کا موقع ملتا ہے۔ جونئیر کھلاڑیوں کو آزمانے کی پالیسی کا مقصد اگلے برس ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اور عالمی کپ دو ہزار پندرہ کیلئے بہترین کمبی نیشن تیار کرنا ہے، اس سے نوجوان کرکٹرز کو سینئرز سے سیکھنے کا بھی موقع مل رہا ہے۔ سری لنکا ون ڈے کرکٹ کی بھی خطرناک ٹیم ہے اسے زیر کرنے کیلئے سخت محنت کرنا ہو گی۔