• news

قوموں کو قریب لانے میں جدید ٹیکنالوجی مددگار ثابت ہوسکتی ہے: صدر ممنون حسین

کراچی (این این آئی+ آئی این پی) صدر مملکت ممنون حسین نے ٹیکنالوجی کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کاروبار، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں عالمی مسابقت انتہائی اہم ہے۔ جدید ٹیکنالوجی یقیناً قوموں کو قریب لانے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔ یہ بات انہوں نے ہفتہ کو یہاں گورنر ہائوس میں پانچویں انٹرنیشنل کانفرنس آف انفارمیشن اینڈ کمیونی کیشن ٹیکنالوجیز (آئی سی ٹی) کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر قائم مقام گورنر سندھ آغا سراج خان درانی بھی موجود تھے۔ صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ یہ کانفرنس نہ صرف ٹیکنالوجی کے شعبہ میں علم و ہنر کی باہمی شراکت کے حصول کا ذریعہ بنے گی بلکہ ملک میں خود اس شعبہ کی نمو اور ترقی میں بھی اہم ثابت ہو گی۔ صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ موجودہ گلوبل ویلیج کے پس منظر میں قوموں کے مابین بہتر اور خوشحال مستقبل کیلئے افہام و تفہیم، امن اور ہم آہنگی انتہائی ضروری ہے اور جدید ٹیکنالوجی یقیناً قوموں کو قریب لانے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عہد حاضر کے عالمی نظام میں انفارمیشن ٹیکنالوجی نے کلیدی اہمیت اختیار کر لی ہے جہاں معلومات جمع کرنا، ان کی درجہ بندی کرنا اور اس کے ذریعے ضروریات کی ترجمانی کرنا اور ان کے ذریعے مربوط حل تلاش کر کے انہیں آگے پہنچانا اور تجزیہ کرنا شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہر قوم اپنے شہریوں کی بہتری کے لئے جدید سے جدید تر ٹیکنالوجی کے حصول کی دوڑ میں لگی ہوئی ہے۔ صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ ٹیکنالوجی کی ترقی کاروبار، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں مسابقت کے لئے انتہائی اہم ہے، معاشرتی ترقی میں آئی سی ٹی کی اہمیت کے پیش نظر اس کانفرنس کے شرکاء کو آئی سی ٹی کے شعبہ میں مزید ترقی کی صلاحیتیں حاصل کرنا ہوں گی۔ صدر مملکت ممنون حسین نے کانفرنس کے شرکاء پر زور دیا کہ ٹیکنالوجی کو دنیا میں بہتری لانے کے لئے استعمال کرنے کے نظریہ کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی صلاحیتیں اپنی قوم کو خوشحال بنانے کے لئے استعمال کرنا چاہئے۔ انہوں نے ملک کے نوجوانوں کے لئے (انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن) آئی بی اے کے اساتذہ، فیکلٹی کے کی کاوشوں کو سراہا اور موجودہ طلبائ، سابقہ طلباء اور صنعتوں کے درمیان روابط قائم کرنے میں بھی اساتذہ کے کردار کی تعریف کی۔ صدر مملکت نے امید ظاہر کی کہ انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن کے اساتذہ موجودہ نوجوان ذہنوں کو آئندہ کے رہنمائوں میں تبدیل کرنے کی کاوش اسی جذبے، جوش اور جہد سے جاری رکھیں گے۔ صدر مملکت نے مہمانوں کا بھی شکریہ ادا کیا جو طویل فاصلہ طے کر کے بیرون ملک سے اس کانفرنس میں شرکت کے لئے آئے اور امید ظاہر کی کہ ہم ان کی معلومات اور تجربات سے مستفید ہوں سکیں گے۔ قبل ازیں انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن کراچی کے ڈین اور ڈائریکٹر عشرت حسین نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا اور کانفرنس کے مقاصد پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے آئی بی اے کی ترقی کے حوالے سے بھی شرکاء کو آگاہ کیا۔

ای پیپر-دی نیشن