پاکستان، افغانستان سٹرٹیجک پارٹنرشپ معاہدہ کریں، دونوں ممالک کے قانون سازوں کا مطالبہ
اسلام آباد (این این آئی+ آئی این پی) افغان اور پاکستانی قانون سازوں اور دانشوروں نے کہا ہے دونوں ملکوں کو اپنی سلامتی کی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے دہشت گردی اور مذہبی انتہا پسندی کیخلاف مشترکہ جنگ کیلئے ’’سٹرٹیجک پارٹنرشپ‘‘ کا معاہدہ کرنا چاہئے۔ یہ مطالبہ سیفما کے زیراہتمام اسلام آباد میں منعقدہ دو روزہ کانفرنس کے اختتام پر اعلامیہ میں سامنے آیا جس میں کہا گیا کہ باہمی تنازعات اور مسائل کو بات چیت سے حل کیا جائے۔ ۔ اعلامیہ میں کہا گیا دونوں ہمسایہ ملک ایک دوسرے کے قومی، اقتصادی اور سلامتی کے مفادات کا احترام کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنائیں۔ ان کی سرزمین ایکدوسرے کیخلاف استعمال نہ ہونے پائے۔