ٹیم سلیکشن میں مداخلت نہیں کی‘ کھلاڑیوں کی کارکردگی کا مواد جمع کر لیا : نجم سیٹھی
ٹیم سلیکشن میں مداخلت نہیں کی‘ کھلاڑیوں کی کارکردگی کا مواد جمع کر لیا : نجم سیٹھی
کراچی (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے عبوری چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ کرکٹ کے معاملات شفاف انداز میں جاری ہیں میں نے کبھی بھی کرکٹ کے تکنیکی مسائل پر مداخلت نہیں کی۔ سلیکشن کا کام کمیٹی کے سپرد ہے۔ تاہم کبھی کبھی اپنی رائے بھی دیتا ہوں۔ وہ مقامی ہوٹل میں کراچی کے صحافیوں کے اعزاز میں عشائیہ کے موقع پر گفتگو کررہے تھے۔ نجم سیٹھی نے کہا کہ میرے خلاف تین پٹیشن زیر سماعت ہیںپرسوں بھی شنوائی ہوگی لیکن ایسا لگتا ہے کہ یہ مسئلہ اب سپریم کورٹ تک جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ٹیم سلیکشن پر کبھی بھی میں مداخلت نہیں کی ۔ شروعات میں مجھے کھلاڑیوں کے بارے میں زیادہ معلومات نہیں تھیں تاہم اب میں نے بھی کھلاڑیوں کی کارکردگی کے حوالے سے مواد جمع کرلیا ہے تاہم کبھی بھی سلیکشن کمیٹی کے معاملات میں مداخلت نہیں کی۔ جب ٹیم کے چناﺅ کے سلسلے میں ایک کمیٹی کو ذمہ داری سونپی گئی ہے تو یہ اس کا کام ہے۔ جب مجھے منتخب کھلاڑیوں کی فہرست مل جاتی ہے تو مختلف ماہرین سے رائے بھی لیتا ہو ں جبکہ ٹیم کو حتمی شکل دینے کے سلسلے میں ٹیم منیجر معین خان اور کوچ سے بھی رائے لی جاتی ہے۔ میڈیا کا کھیلوں کے فروغ میں بڑا کردار ہے اور میں شفافیت پر یقین رکھتا ہوں۔ انہوں نے صحافیوں کو دعوت دی کہ میری کارکردگی پر نظر رکھیں۔ فیصلوں پر تنقید کریں تاہم میری گذارش ہے کہ ٹیم کو نشانہ نہ بنائیں بلکہ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کریں۔ عثمان شنواری کی ٹیم میں شمولیت پر انہوں نے کہا کہ اس فیصلہ پر مجھے بھی حیرت ہوئی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دنیا کے زیادہ تر کرکٹ بورڈ کے چیئرمینوں کا تعلق کرکٹ کی دنیا سے نہیں ہے۔