• news
  • image

قومی کبڈی ٹیموں کی وطن واپسی‘ شاندار استقبال‘ امپائرنگ ناقص تھی : بابر گجر‘ مدیحہ لطیف

قومی کبڈی ٹیموں کی وطن واپسی‘ شاندار استقبال‘ امپائرنگ ناقص تھی : بابر گجر‘ مدیحہ لطیف

لاہور (سپورٹس رپورٹر)بھارت میں ہونےوالے کبڈی ورلڈ کپ میں رنر اپ رہنے والی مردوں اور خواتین کی ٹیمیں اتوار کے روز واہگہ بارڈر کے راستے وطن واپس پہنچ گئیں ،دونوں طرز کے فائنل مقابلے پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان ہوئے جس میں بھارت نے کامیابی حاصل کی۔ وطن واپسی پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مردوں کی کبڈی ٹیم کے کپتان بابر گجر نے کہا کہ بھارت کے ساتھ فائنل میںکانٹے دار مقابلہ ہوا ، چار پانچ پوائنٹس سے شکست کوئی بڑی بات نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر فائنل میں نیوٹرل امپائر ہوتے تو پاکستان کی کامیابی یقینی تھی کیونکہ سب کچھ ریفری کے ہاتھ میں ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی اسٹیڈیم میںموجودگی سے ہمیں بڑا حوصلہ ملا انشا اللہ ہم مستقبل میں مزید محنت کرکے کامیابی حاصل کریں گے۔ انہوںنے کہا کہ بھارت نے مہمان نوازی میںکوئی کسر نہیں چھوڑی او رہمیں وہاں سے بیحد پیار ملا ہے۔ ٹیم کے کوچ نے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں نے ورلڈ کپ کےلئے لگائے گئے ایک ماہ کے کیمپ میں جو محنت کی تھی بھرپور مقابلے کر کے اسکا حق ادا کر دیا ہے۔ انہوںنے بھی ریفریز کے کردار پر تحفظات کرتے ہوئے ہم نے دس پوائنٹس کے معاملے پر بات کی لیکن اسے مسترد کر دیا گیا، لیکن پاکستان جیتے یا بھارت جیت کبڈی کی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کو بھی ٹیم میں شامل کریں گے اور آئندہ جہاں بھی مقابلے ہوئے ٹرافی جیت کر پاکستان آئیں گے۔ انہوںنے بھارت کی مہمان نوازی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں وہاں کسی طرح کی بھی مشکل پیش نہیں آئی۔ خواتین کبڈی ٹیم کی کپتان مدیحہ لطیف نے کہا کہ ہمارے بھارت جانے اور وہاں اچھی پرفارمنس کے بعد پاکستان میں کبڈی کے کھیل کے لئے دروازے کھلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تمام کھلاڑیوں نے بہت محنت کی او ریہی وجہ ہے کہ ہم سیمی فائنل تک پہنچنے میں کامیاب رہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور وزیر کھیل رانا مشہود نے ہمیں بڑی سپورٹ اور حوصلہ دیا جس سے ہم اس میں کامیاب رہے انشا اللہ آئندہ جیت کر وطن واپس آئیں گے۔ خواتین کھلاڑیوں نے بھی بھارت کی مہمان نواز ی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں وہاں کسی طرح کی مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ قبل ازیں دونوں ٹیموںکا واہگہ بارڈر پہنچنے پر فیڈریشن کے عہدیداروں اور اہل خانہ سمیت شائقین نے پرتپاک استقبال کیا اور کھلاڑیوں کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے۔

epaper

ای پیپر-دی نیشن