• news
  • image

مخالفین ہمارے خلاف پراپیگنڈہ کر کے عوام کو گمراہ نہیں کر سکتے: نواز شریف

مخالفین ہمارے خلاف پراپیگنڈہ کر کے عوام کو گمراہ نہیں کر سکتے: نواز شریف

اسلام آباد (آئی این پی) وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ قوم سے اقتدار میں آنے سے پہلے کئے گئے تمام وعدے پورے کئے جائیں گے، سیاسی مخالفین ہمارے خلاف جھوٹا پروپیگنڈہ کرکے عوام کو گمراہ نہیں کر سکتے، آنےوالے دنوں میں عوام خود نمایاں تبدیلی دیکھیں گے، ضلع وہاڑی مسلم لیگ ن کا گڑھ ہے، وہاڑی کو ماڈل ضلع بنا کر عوام کو تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ وہ یہاں وہاڑی سے مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی چودھری طاہر اقبال سے ملاقات میں بات چیت کر رہے تھے۔ چودھری طاہر اقبال نے حکومت کی طرف سے ملک کو معاشی مسائل سے نکالنے اور اقتصادی ترقی کے لیے کی جانیوالی کوششوں اور خاص طور پر قرضہ سکیم برائے نوجوانان کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات کے نتیجے میں بہت جلد تبدیلیاں رونما ہوںگی۔ وزیراعظم کو وہاڑی کے مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ وہاڑی میںسوئی گیس کا زونل آفس قائم کیا جائے۔ انہوں نے وزیراعظم کو بتایا کہ وہاڑی میں بہت سے علاقوں میں سوئی سوئی گیس کی پائپ لائن ڈالی جا چکی ہے اور وہاں صرف شہریوں کو گیس کی سپلائی باقی ہے لیکن یہ کام کافی عرصہ سے زیر التواءہے جس سے لوگوںکو گیس کی سہولت نہیں مل رہی۔ وہاڑی میں کامسیٹس کا کیمپس پہلے سے قائم ہے اگراس کے تحت میڈیکل کالج بھی قائم کر دیا جائے تو پورے علاقہ کے طلبہ کو اس سے سہولت ملے گی جنہیں دور دراز کے شہروں میں جانا پڑتا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ فیصل آباد تا ملتان موٹروے کو ملانے کے لئے وہاڑ ی تا خانیوال دو رویہ سڑک کی تعمیر اور اس کے ساتھ ساتھ اسی سڑک پر وہاڑی کی مجوزہ انڈسٹریل اسٹیٹ کو بھی شروع کرایا جائے۔ وہاڑی میں تعلیم کے فروغ اور مقامی طلبہ و طالبات کی سہولت کے لئے بہاءالدین زکریا یونیورسٹی کا کیمپس قائم کیا جائے ۔
نواز شریف

epaper

ای پیپر-دی نیشن