مشرف کیخلاف مقدمہ حکومت کیلئے کانٹوں کا ہار بن جائیگا: شجاعت
مشرف کیخلاف مقدمہ حکومت کیلئے کانٹوں کا ہار بن جائیگا: شجاعت
اسلام آباد ....لاہور (خبر نگار) (ق) لیگ کے صدر سینیٹر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ جنرل (ر) پرویز مشرف کے خلاف آئین سے غداری کا مقدمہ جس تیزی سے چلایا جا رہا ہے وہ بالآخر اس حکومت کے گلے میں کانٹوں کا ہار بن جائے گا کیونکہ وفاقی کابینہ کی منظوری کے بغیر یہ تمام کارروائی انتقامی اور انصاف کے اصولوں کے خلاف کی گئی ہے، اب تک کی خبروں سے یہ تاثر ابھرتا ہے کہ کابینہ کی باقاعدہ کارروائی میں یہ مقدمہ زیر بحث نہیں آیا اور نہ ہی کوئی فیصلہ کیا گیا ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ عوام کی توجہ اصل مسائل سے ہٹانے کی ایک کوشش ہے، وفاقی کابینہ میں اگر کوئی فیصلہ ہوا ہے تو حکومت کو اس کا حوالہ دینا چاہئے تھا۔ انہوں نے کہا کہ بعض وجوہات کی بنا پر اس مقدمہ کے نہایت سنگین نتائج بھی نکل سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں، بیروزگاری عروج پر ہے، آٹا، چاول اور دیگر اشیائے خوردنی کی قیمتیں ناقابل برداشت حد تک پہنچ چکی ہیں، غریب آدمی کیلئے زندگی گزارنا مشکل ہو چکا ہے، گیس اور بجلی کے بلوں نے لوگوں کا جینا حرام کر دیا ہے، عوام کے ان بنیادی مسائل پر حکومت کی کوئی توجہ نہیں۔
شجاعت