تیزاب پھینک کر جلانے کے واقعات میں اضافہ، رواں برس 24 کیسز سامنے آئے
اسلام آباد (ثناء نیوز) انسانی حقوق کی عالمگیر شہرت یافتہ تنظیم گلوبل فائونڈیشن نے کہا ہے کہ رواں سال 2013ء میں ملک بھر میں تیزاب پھینک کر جلانے کے واقعات میں ہو شربا اضافہ ہوا ہے۔ 24 واقعات میں 20 عورتیں، 7 مرد اور 5 کمسن بچے جھلس گئے۔ متاثرہ افراد میں 5 سالہ بچے سے لیکر 55 سالہ افراد شامل ہیں۔ زیادہ تر واقعات میںخواتین کو انکے شوہروں یا محبت کرنے والوں نے جلا دیا۔ ملزمان میں 27 مرد اور 4 خواتین شامل۔ شادی کے سہرے بندھے ہو ئے شخص کو بھی چھ بچوں کی ماں نے بیوفائی کے الزام میںتیزاب سے نہلا دیا۔ انسانی حقوق کے ترجمان اور گلوبل فائونڈیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر الفت کاظمی نے خصوصی تحقیقاتی رپورٹ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ ملک بھر میں تیزاب کی فروخت پر قانون سازی کے باوجود ایسے ہولناک واقعات میں کمی نہیں آئی جو لمحہ فکریہ ہے۔ گلوبل فائونڈیشن حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے صرف قانون سازی کرلینا معنی نہیں رکھتا، قانون پر سختی سے عملدرآمد کرنا اصل انصاف کی روح ہے جس پر فوری طور پر عمل کر کے انسانی جانوں کے ضیاع اور انکے لواحقین کو زندگی بھر کے روگ سے بچانا ہی انسانیت کا مشن اور حکومت کی ذمہ داری ہے۔