بلدیاتی انتخابات، پیپلز پارٹی پنجاب کا حلقہ بندیوں کو عدالت عالیہ میں چیلنج کرنیکا فیصلہ
لاہور (خبرنگار) پیپلز پارٹی پنجاب نے صوبے میں بلدیاتی انتخابات کیلئے ہونیوالی حلقہ بندیوں کو عدالت عالیہ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ منظور وٹو کا کہنا ہے موجودہ حکومت عوام سے جو سلوک کر رہی ہے عوام آنیوالے بلدیاتی انتخابات میں اس کا بدلہ لیں گے اور مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کو ہرا دیں گے۔ بلدیانی انتخابات میں بہت بہتر نتائج آئیں گے۔ پیپلز پارٹی کے امیدوار بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے۔ حکمران ووٹر لسٹوں میں بھی دھاندلی کر رہے ہیں۔ نئے ووٹ رجسٹر کرائے جا رہے ہیں۔ پنجاب میں اوکاڑہ، ساہیوال، پاکپتن، گوجرانوالہ ڈویژن، پنڈی ڈویژن اور فیصل آباد ڈویژن میں جہاں بھی گئے پیپلز پارٹی کے ورکرز میں نیا جوش و جذبہ اور ولولہ پایا۔ مسلم لیگ ن کے اسد نواز کلیار، رائے اسلم کھرل پیپلز پارٹی میں شامل ہوئے، منظور وٹو نے کہا آج وہ ننکانہ جا رہے ہیں جہاں ننکانہ اور شیخوپورہ کے عہدیداروں سے ملیں گے۔ کل (منگل) لاہور میں لاہور کے ڈسٹرکٹ ون، ٹو، تھری اور فور کے عہدیداروں کے علاوہ 25 زون کے عہدیداروں سے ملاقات کریں گے۔