اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل او آئی سی کے عہدہ کیلئے اجلاس پاکستان، افغانستان چپقلش کے باعث ملتوی
اسلام آباد (جاوید صدیق) او آئی سی کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل کے عہدہ کے لئے گنی بساؤ میں ہونے والا اجلاس پاکستان اور افغانستان کی شدید چپقلش کی وجہ سے ملتوی ہو گیا۔ گنی بساؤ میں او آئی سی کے اجلاس میں پاکستان افغانستان اور انڈونیشیا منصب کے لئے امیدوار تھے۔ نوائے وقت کو قابل اعتماد ذرائع نے بتایا ہے کہ اجلاس میں سعودی عرب سمیت کئی اسلامی ملکوں کے نمائندے پاکستان کے امیدوار کی حمایت کر رہے تھے لیکن افغانستان کے نمائندہ پاکستان پر دہشت گردی اور افغانستان میں مداخلت کے الزامات عائد کر کے ماحول کو مکدر کر دیا۔ بنگلہ دیش جو اس اجلاس کی صدارت کر رہا تھا نے تجویز دی کہ چونکہ اجلاس میںکوئی اتفاق رائے نہیں ہو رہا اس لئے انتخاب ملتوی کر دیا جائے تو افغانستان کے نمائندہ نے بنگلہ دیش پر پاکستان کی حمایت کرنے کا الزام لگا دیا جس سے صورتحال مزید بگڑ گئی۔ جس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل کے منصب کے لئے انتخاب تین ماہ کے لئے ملتوی کر دیا جائے۔ اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل کے عہدہ کے لئے انتخاب تین ماہ بعد جدہ میں ہو گا۔